وزیراعظم سے بلاول بھٹو زرداری ،حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات، غزہ صورتحال پرآل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم محمدشہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے وزیرِ اعظم ہاس میں ملاقات ہوئی،وزیراعظم ہاوس سے جاری تفصیلات کے مطابق ملاقات میں موجود سیاسی جماعتوں کا غزہ اور فسلطینیوں کے ساتھ قومی سطح پر اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا گیا،ملاقات میں غزہ اور فلسطین میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور فلسطینی بہن بھائیوں کے حق میں آواز اٹھانے کیلئے وزیرِ اعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ ہوا ، اس کے علا وہ ملاقات میں 7 اکتوبر کو ملک بھر میں غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی ظلم و تشددکے شکار نہتے مسلمان بہن بھائیوں کیلئے یومِ یکجہتی منانے کا فیصلہ کیا گیا،

اس موقع پر یومِ یکجہتیِ فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کیلئے کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی، کمیٹی میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، شیری رحمن، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہونگے،ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ . 7 اکتوبر کو پاکستان بھر میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور ان پر جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے اجتماعات و سیمینار منعقد کئے جائیں گے ،آل پارٹیز کانفرنس مین صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف شرکت کریں گے،اس دوران بلاول بھٹو زرداری نے فلسطین و غزہ میں جاری نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے حوالے سے یوم یکجہتی پر بھرپور حمایت کرتے ہوئے جماعتِ اسلامی کے غزہ اور فلسطین میں جاری نہتے مسلمان بہن بھائیوں کے حق میں یکجہتی کے موقف کی تعریف کی،

وزیر اعظم کے پریس ونگ کے مطابق ملاقات میں امیر جماعت اسلامی و وفد نے وزیرِ اعظم کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی تقریر میں فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اور اسرائیلی وزیرِ اعظم کی تقریر کے آغاز پر وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستانی وفد کے واک آوٹ کو سراہا،علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فلسطین پر آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی ایجنڈے کے خلاف پورے ملک کو یک زبان ہونا چاہیے۔ایکس پر اپنے ایک پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ میں 7 اکتوبر کو فلسطین پر آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی کے لیے صدر اور وزیر اعظم کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ قابض افواج نے غزہ میں بے رحمانہ قتل عام شروع کرنے کے ایک سال کے بعد اپنے جنگی تھیٹر میں لبنان کو بھی شامل کر لیا ہے جس سے خدشہ ہے کہ پورا خطہ اس کی لپیٹ میں آجائے گا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صیہونی سامراج کے ایجنڈے کے خلاف پورے ملک کو یک آواز ہو کر بولنا چاہیے۔۔