ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم تین روزہ دورہِ پاکستان مکمل کرکے واپس ملائیشیا روانہ

 اسلام آباد(صباح نیوز)ملائیشیا کے وزیرِ اعظم داتو سری انور ابراہیم اپنا تین روزہ دورہِ پاکستان مکمل کرکے واپس ملائیشیا روانہ ہوگئے،وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ کامرس جام کمال خان نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم داتو سری انور ابراہیم اور انکے وفد کو نور خان ایئر بیس پر الوداع کیا،اس موقع پروزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں،وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیرِ اعظم سے پاک ملائیشیا تعلقات کی مزید مضبوطی پر اتفاق ہوا،انہوں نے کہاکہ ملائیشیا کے وزیرِ اعظم علامہ اقبال کے مداح ہیں، جو پاکستان کیلئے فخر کی بات ہے انہوں نے کہاکہ ملائیشیا کے وزیرِ اعظم داتو سری انور ابراہیم کے پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے اچھے الفاظ اور نیک خواہشات کے تہہ دل سے مشکور ہیں.

وزیرِ اعظم  نے کہا کہ پاک ملائیشیا بزنس فورم میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ پر مثبت پیش رفت ہوئی.پاکستان کی ملائیشیا سے تجارت کے فروغ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے. وزیرِ اعظم نے کہا کہ زیرِ اعظم ملائیشیا کا دورہِ پاکستان، پاک ملائیشیا تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو،دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا.پاکستان سے ملائیشیا کو پراسیسڈ گوشت، اور چاول کی برآمدات میں اضافہ اور طریقہ کار کو سہل بنایا جائے گا. وزیرِ اعظم نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون اور الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری و تجارت میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا. دورے کے دوران وزیرِ اعظم ملائیشیا کی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعظم ہاوس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جہاں انہیں شاندار استقبال پیش کیا گیا. وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور وزیرِ اعظم ملائیشیا داتو سری انور ابراہیم نے  پاکستان ملائیشیا بزنس فورم میں بھی شرکت کی. ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو صدر پاکستان کی جانب سے نشان پاکستان بھی نوازا گیا۔