اسلام آباد(صباح نیوز)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انتشار کی مظاہروں اور جلسوں کی وجہ سے اسلام آباد کا پہیہ بند ہے، اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس ہونا ہے،اس صورتحال میں اسلام آباد میں بدامنی اور انتشار پیدا کر کے تحریک انصاف عالمی دنیا کو کیا پیغام دے رہی ہے؟قیدی کی کال پر خیبر پختونخواحکومت یلغار کیلئے نکل پڑتی ہے۔
شیری رحمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں دھرنوں کی وجہ سے چین کے صدر نے اپنا دورہ منسوخ کیا تھا،کیا اب آپ شنگھائی تعاون تنظیم کوبھی سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں؟ تحریک انصاف ملکی مفادات کو اپنی سیاست کی نذر کر رہی ہے، جیل میں بیٹھا شخص احتجاج کی کال دیتا ہے اور خیبر پختونخوا کی حکومت یلغار کیلئے نکل پڑتی ہے، اسلام آباد اور لاہور میں لوگوں کی عدم شرکت کے بعد تحریک انصاف کو احتجاج کی سیاست چھوڑ کر خیبر پختونخوامیں اپنی حکومت پر توجہ دینی چاہئے تھی، اپنا تماشا بنانے کے بجائے اپنے صوبائی معاملات کے حل کیلئے کام کرے۔