مخالفین پارلیمنٹ کے فلورپراحتجاج کریں،سڑکوں پر احتجاج سے منفی تاثرجائے گا،عطاتارڑ


اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ  ا حتجاج کرنے والے پارلیمنٹ کے فلور پر احتجاج کریں، سڑکوں پر احتجاج سے منفی تاثر جائے گا ،  وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو مشورہ ہے کہ وہ پشاور جائیں اور ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کریں ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا دورہ پاکستان کامیاب رہا، ہمارے ملائیشیا کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، عالمی رہنماں کے دورہ پاکستان سے معیشت مضبوط ہوگی۔عطا تارڑ نے کہا کہ میں ترکیہ کے صدر کا شکر گزار ہوں، انہوں نے نیویارک میں باقاعدہ طور پر وزیراعظم کے ساتھ اپنی ملاقات میں کہا کہ آپ کی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا  کہ باہر کے وفود کا پاکستان آنا یہ ملک کے لیے خوش آئند ہے، سرمایہ کاری کا اعلان کرنا اور پاکستان کے تجارت کے فروغ کا اعلان کرنا، اسی طرح جو ایم او یوز ہو رہے ہیں، اسی طرح آگے سعودی عرب سے اعلیٰ سطح کے وفد کے آنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کا سربراہی اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے، جس میں 12 ممالک کے سربراہ تشریف لائیں گے ، کئی دہائیوں کے بعد پاکستان میں اتنا بڑا ایونٹ ہونے جا رہا ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس کے لئے بھرپور انتظامات کئے جا رہے ہیں، اسلام آباد کو سجایا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ جب بھی باہر سے وفود آتے ہیں پاکستان کا ایک سافٹ امیج ان کو بتایا جاتا ہے، انہیں بتایا جاتا ہے کہ ہمارے ملک میں بڑا پوٹینشل ہے، لہذا خارجہ پالیسی کی کامیابی جاری ہے، وفود کا پاکستان آنا اس بات کی دلیل ہے، ملائیشیا کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی کے ساتھ طے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں ہر ملک مثبت بات کر رہا ہے، ایران کے مرحوم صدر ابراہیم رئیسی ملک میں آئے تھے اس سے قبل اعلی سطح کا سعودی وفد پاکستان آیا تھا۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ لڑا، اور جنرل اسمبلی میں وہ فلسطین کے نہتے، مظلوم مسلمانوں کی موثر آواز بن کر سامنے آئے، پوری دنیا اس کی معترف ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے آغاز پر بانی پی ٹی آئی   نے دھرنا دیا، ایس سی او کا انعقاد پاکستان کے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے ایسے مواقع پر احتجاج کرنا منفی پیغام ہے ہمیں پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کو دکھانا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ احتجاج کرنے والے پارلیمنٹ کے فلور پر احتجاج کریں، سڑکوں پر احتجاج سے منفی تاثر جائے گا، ملک اور معاشی ترقی کی تعریف کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو مشورہ ہے کہ وہ پشاور جائیں اور ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کریں۔