راولپنڈی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم نے ملاقات کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ سٹرٹیجک انٹریسٹ، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ملائیشیا کے وزیرِ اعظم نے علاقائی امن و استحکام میں افواجِ پاکستان کے کردار کو سراہا اور دہشتگردی سے جنگ میں پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشین وزیرِ اعظم نے دہشتگردی سے جنگ میں پاکستانی فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا، ملاقات میں پاکستان ملائیشیا دو طرفہ تعلقات بالخصوص فوجی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ملائیشین وزیراعظم انورابراہیم نے آرمی چیف کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی جس پر آرمی چیف نے ان کا شکریہ ادا کیا جب کہ ملاقات میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ دورے سے دونوں ممالک اور فوج کے درمیان پائیدار اور تاریخی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔