بلاول بھٹوکا سات اکتوبر کو حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پریوم یکجہتی فلسطین قومی سطح پر منانے کے لیے وزیراعظم سے رابطے کا اعلان

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے سات اکتوبر کوامیرجماعت حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پریوم یکجہتی فلسطین قومی سطح پر منانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطے کا اعلان کردیا،جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی مسئلہ فلسطین پر متحد ہیں،ہمارا موقف مشترکہ ہے ،جماعت اسلامی کو فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپورسرگرمیوں اور پروگرامات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،اسرائیلی عزائم بڑھتے جا رہے ہیں سدباب نہ کیا تو دنیا کو ایک بڑی جنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  زرداری ہاؤس اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جماعت اسلامی کے وفد  کے دیگر اراکین میں نائب امراء لیاقت بلوچ،میاں محمد اسلم،سیکرٹری جنرل امیر العظیم،ضلعی امیر انجینئرنصر اللہ رندھاوا شامل تھے جبکہ سینیٹر شیری رحمن ،نیئر حسین بخاری،مئیر کراچی مرتضی وہاب نے ملاقات کے دوران پارٹی سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی معاونت کی۔بلاول بھٹو زرداری نے حافظ نعیم الرحمن کو جماعت اسلامی کا امیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ فلسطین کے مسئلہ پر ہمارامشترکہ موقف ہے۔سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر مشرق وسطی کی جو صورتحال ہے دونوں جماعتوں کو اس پر گہری تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن نے مجھے ہفتہ یکجہتی فلسطین کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔اسرائیل کی جانب سے تسلسل سے مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔اس مہم کو روکنا ہوگا وگرنہ عراق جیسی صورتحال پیدا اور جنگ مسلط کی جا سکتی ہے۔مشرق وسطی کی صورتحال کی وجہ سے ساری دنیا کی جانب خطرات بڑھ رہے ہیں اور خدانخواستہ جنگ چھڑ گئی تو یہ معمولی نہیں ہوگی۔فلسطین ،لبنان،یمن پر حملوں کے بعد خطرہ ہے کہ اسرائیل ایران کی جانب پیش قدمی کر سکتا ہے۔ہمیں اس خطرے اور سازشوں کے ادراک کی ضرورت ہے۔پہلے غزہ میں مسلمانوں کا قتل عام ہوا۔انسانی حقوق کی دھجیاں بکھر دی گئیں۔تمام عالمی قوانین،کنونشنز،اہل غزہ کے حقوق کے حوالے سے دھرے کے دھرے رہ گئے۔بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی مقبوضہ فورسز توسیع پسندانہ عزائم رکھتی ہیں۔موبائل اور پیجرز کو بموں کے حملوں کے لیے استعمال کررہا ہے پہلے حماس کی قیادت کو ایران میں شہید کیا گیا اب لبنان پر حملہ کیا گیا یہ موقع ہے کہ پوری قوم کی موثر آواز بلند ہو۔داخلی مسائل اور سیاست اپنی جگہ،جماعت اسلامی اور پاکستان پیپلز پارٹی میں فلسطین پر مشترکہ موقف ہے ہم ایک پیج پر ہیں سارے پاکستان کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔جماعت اسلامی کی فلسطین کے لیے جدوجہد کی تعریف کرتا ہوں۔سیاسی ماحول میں دیگر معاملات پر بات ہوتی رہتی ہے مگر فلسطین کے مسئلے پر ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔جماعت اسلامی اپوزیشن میں رہ کر اپنا کردار ادا کر رہی ہے میں نے حافظ نعیم الرحمن کو یقین دہانی کرائی کہ سات اکتوبر کے یوم یکجہتی کشمیر کو قومی سطح پرمنانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف سے بات کروں گا قومی اتحاد کے ساتھ ہمیں یہ دن منانا چاہیے یہی پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اور تنظیموں کو ہدایت کرتا ہوںکہ یکجہتی فلسطین کے پروگرامات میں بھر پور طور پر شریک ہوں میں اس کی مکمل طور پر حمایت کرتا ہوں۔

سربراہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ اب یقینا میں بھی جماعت اسلامی کے ہیڈ کوارٹر منصورہ جاؤں گا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات ہوئی۔اسرائیل کی پیش قدمی بڑی جنگ کے لیے سوالیہ نشان بن گئی ہے ۔اس جارحیت کو روکنا ہوگا۔سات اکتوبر کو ایک سال قبل فلسطین پر جنگ مسلط کی گئی اہل غزہ مسلسل ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ۔43000 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ان میں 30000 سے زائد بچے اور خواتین شامل ہیں۔اسرائیلی دہشتگردی کو امریکہ کی پشت پناہی اور برطانیہ کی حمایت حاصل ہے۔لبنان کے بعد یمن پر حملہ کیا گیا اور یہ حملہ اس وقت ہوا جب اقوام متحدہ کا اجلاس جاری تھا اور بڑی طاقتیں اسرائیل کو  لبنان پر حملہ کرنے سے روکنے میں ناکام رہیں۔اسرائیل کے ہاتھوں انسانیت کا قتل عام ہو رہا ہے ہم  نے ہر موقع پر سخت احتجاج اور پروگرامات کے ذریعے حکمرانوں کو متوجہ کرنے کی کوشش کی اور ہماری یہ جدوجہد جاری ہے ۔ہفتہ یکجہتی فلسطین کے پروگرامات جاری ہیں۔

غزہ کی بیٹیاں،بیٹے،مظلوم خواتین مدد کے لیے ہماری طرف  دیکھ رہی ہیں ایسے میں ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کو فلسطین کے معاملے پر یکجا کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ موثر آواز اٹھے ۔بلاول بھٹو نے میری درخواست قبول کر لی اور یکجہتی فلسطین کی حمایت کا اعلان کیا ۔پیپلز پارٹی کا تعاون حاصل ہوگا سات اکتوبر کو ساری قوم اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے بہتر یہیہے کہ اس یکجہتی کا اعلان حکومت کی طرف سے قومی سطح پر کیا جائے، جماعت اسلامی کامکمل تعاوں حاصل ہوگا ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ذوالفقار علی بھٹو کا فلسطین  پر مضبوط اور موثر موقف تھا۔پیپلز پارٹی اس مسئلے پر تاریخی پس منظر رکھتی ہے ۔سیاسی اختلافات اپنی جگہ ،ہم مظلوم فلسطینیوں کے لیے یکساں موقف رکھتے ہیں۔