شہید کشمیر افضل گورو کی نویں برسی پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال


سری نگر: شہید کشمیر محمد افضل گورو کی نویں برسی پر بدھ کے روزمقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی  جبکہ  مقبول بٹ شہید کی برسی پر11فروری کو بھی ہڑتال کی جائے گی ۔ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت  کانفرنس ، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ، اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر اور دوسری جماعتوں نے کی تھی ، ہڑتال کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں کاروبار زندگی معطل رہا ۔ مقبوضہ جموں و کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں شہداکے لیے خصوصی دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا گیا  احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، سیمینارز اور دیگر پروگرامات ہوئے ۔

یاد رہے بھارتی حکومت نے شہید محمد افضل گورو  کو9 فروری2013 کو اور11 فروری 1984 کو مقبول بٹ کو نئی دہلی کے تہاڑ جیل میں پھانسی دے دی تھی ۔  کے پی آئی کے مطابق  دونوں کشمیری شہدا کی لاشیں لواحقین کو نہیں دی گئیں انہیں نئی دہلی کے تہاڑجیل کے احاطے میں ہی  دفن کیا گیا ۔ کشمیری عوام ہرسال 9 اور11 فروری کو ہڑتال کرتے ہیں اور کشمیری شہدا کی باقیات کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔

نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قیدکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے حریت پسند کشمیری عوام سے شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو ان کی یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 9 اور 11 فروری کو علاقے میں مکمل ہڑتال اور سول کرفیو نافذ کرنے کی اپیل کی  تھی