لاقانونیت، مفاد پرستی اور انتقامی اقدامات کی ریاستی سطح پر سرپرستی قومی وحدت کیلئے زہرِ قاتل ہے،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ لاقانونیت، مفاد پرستی اور انتقامی اقدامات کی ریاستی سطح پر سرپرستی قومی وحدت کے لئے زہرِ قاتل ہے،قانون توڑنا، عوام کے جمہوری انتخابی حق پر ڈاکہ زنی، انسانوں کو زبردستی لاپتہ کردینا اور اسٹیبلشمنٹ کی بالادستی کے لئے معاشرہ میں انجینئرڈ انتشار حقیقت میں آئینِ پاکستان سے بغاوت ہے۔ قصور، محمود آباد میں الوری خاندان کے بزرگان کے سالانہ عرس کے جلسہ عام سے خطاب کیا۔

وزیرآباد میں جماعتِ اسلامی کے رہنما اور یڈیا کوآرڈی نیٹر صابر بٹ کے والد کے انتقال پر تعزیت کی، گجرات میں امیر صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم کی میزبانی میں موثر شخصیات اور سماجی رہنماؤں کے ساتھ نشست میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہاپسندی، عدم برداشت اور سنسنی خیز نفسیاتی رویے پورے سماج کے لئے روگ بن گئے ہیں۔ سماجی تانہ بانہ ٹوٹ پھوٹ رہا ہے، لاقانونیت، مفاد پرستی اور انتقامی اقدامات کی ریاستی سطح پر سرپرستی قومی وحدت کے لئے زہرِ قاتل ہے۔ آئین کی حدود کی پابندی تمام سٹیک ہولڈرز پر لازم ہے، قانون توڑنا، عوام کے جمہوری انتخابی حق پر ڈاکہ زنی، انسانوں کو زبردستی لاپتہ کردینا اور اسٹیبلشمنٹ کی بالادستی کے لئے معاشرہ میں انجینئرڈ انتشار حقیقت میں آئینِ پاکستان سے بغاوت ہے، فلسطین، مقبوضہ جموں و کشمیر، لبنان اور یمن پر امریکہ اور یورپ کی آشیرباد کے ساتھ اسرائیلی صیہونی دہشت گردی، مذاہب کے درمیان فساد اور پوری دنیا میں جنگ کی آگ کو بھڑکا رہی ہے۔ عالمی اداروں اور عالمی قیادت کو تعصبات کی مجرمانہ غفلت اور جانبداری ترک کرکے دنیا بھر کے انسانوں کو محفوظ بنانا ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے وزیرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کے مطابق حکومت معاشی بہتری کا کنٹرولڈ ڈھنڈورا پِیٹ رہی ہے، مہنگی بجلی، گیس، پٹرول، ناروا ٹیکس قومی معیشت کا پہیہ جام کرچکے ہیں۔ دکاندار، عام بزنس مین، صنعتیں بے کار ہورہے ہیں؛ بیروزگاری بڑھ رہی ہے جس سے جرائم، لاقانونیت، منشیات اور نفسیاتی بیماریوں کا پھیلاؤ عروج پر ہے، قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیاں ملک کو سیاسی اقتصادی بحرانوں سے نکالنے کی بجائے سیاسی بحران گھمبیر بنارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی قومی سیاسی محاذ پر قومی ڈائیلاگ، فلسطین، کشمیر، لبنان، یمن پر مسلط استعماری دہشت گردی کے مقابلہ میں اتحادِ امت اور عوامی مسائل کے حل کے لئے حکومتی بدعہدی کے خلاف میدانِ عمل میں برسرِ پیکار ہے، عوام جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں، ملک و مِلت بحرانوں سے نجات پائیں گے اور ریاست میں اتحاد، خوشحالی، آئین و قانون کی فرمانروائی آئے گی، یکم سے  7 اکتوبر تک فلسطین، لبنان کے عوام کیساتھ قومی یکجہتی کا اظہار ہوگا۔