اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات دنیا میں بے مثال ہیں،دونوں ممالک کی دوستی نہ صرف حکومتی سطح کی ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی ہے، چین نے ہمیشہ اور ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا ،اس نے 75 سال میں جو کامیابیاں سمیٹی ہیں کرہ ارض میں ان کی مثال نہیں ملتی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے چین کے قومی دن کی مناسبت سے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں شاندار ثقافتی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔پروفیسر ا حسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات دنیا میں دو ممالک کے درمیان وہ مثالی تعلقات ہیں جن میں کبھی خزاں کا شائبہ بھی نہیں ہوا، یہ دوستی نہ صرف حکومتی سطح کی ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی ہے۔انہوں نے کہا کے چین نے ہمیشہ اور ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا ،اس نے 75 سال میں جو کامیابیاں سمیٹی ہیں کرہ ارض میں ان کی مثال نہیں ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے چار دہائیوں میں 80 کروڑ عوام کو غربت سے نجات دلا کرایک منفرد مثال قائم اور چائنیز سٹائل آف ڈویلپمنٹ اپنا کر دنیا میں اپنا مقام پیدا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے طرح اپنی پالیسیز میں تسلسل پیدا کرکے اوراصلاحات متعارف کروا کے ترقی کے سفر کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔سابق نگران وفاقی وزیر برائے قومی ثقافت و ورثہ سید جمال شاہ نے کہا کہ چین نے اپنے نوجوانوں پر خصوصی توجہ دی جس کے نتیجے میں وہ سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں بے حد کامیاب ہے ۔ سابق سفیرسید حسن جاوید نے چینی عوام کو ان کے قومی دن کی مبارکباد پیش کی ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں ایسی ترقی کی مثال نہیں ملتی جو چین نے 40 سال میں کی ۔ چیئر پرسن اکادمی ادبیات پاکستان نجیبہ عارف نے کہا کہ اکادمی نے 2009 میں چین کے مشہور ادب اور شاعری کے کام کو اردو میں مرتب اور شائع کیا ۔تقریب کے دوران وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے وڈیو پیغام میں چینی عوام کو ان کے قومی دن پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران سی جی ٹی این اردو کی جانب سے تیار کردہ ڈاکیومنٹریز پیش کی گئیں جن میں چین کی سماجی اور اقتصادی ترقی کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان کے چاروں صوبوں کا ثقافتی رقص پیش کیا گیا جبکہ دلکش چینی ثقافتی رقص کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ تقریب کا اختتام گلوکارہ ڈاکٹر مبشرہ حفیظ کی جانب سے پیش کی گئی پرجوش موسیقی پر ہوا جس سے شرکا خوب لطف اندوز ہوئے۔۔