جڑواں شہروں میں طوفانی بارش،نشیبی علاقے زیرآب


اسلام آباد(صباح نیوز) جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ، شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔راولپنڈی اسلام آباد میں شدید گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش سے مری روڈ ،کمیٹی چوک لیاقت باغ ،جہلم روڈ ،جی روڈ سواں وغیرہ کی  شاہراہوں پر پانی جمع  ہوگیا  جس کے باعث شہریوں کو روز مرہ کے معمولات و آمد رفت میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام بھی  متاثر ہوا۔

محکمہ موسمیات و نالہ لئی کی مانیٹرنگ پر متعین حکام کے مطابق  سب  سے زیادہ بارش چکلالہ میں 126 ملی میڑ ریکارڈ کی گی۔  بوکڑا کے مقام پر 115 ، گولڑہ ای الیون میں  87،شمس آباد میں 81 ملی میڑ اور پی ایم ڈی ایچ ایٹ  میں 62 اور سیدپور میں 43 ملی میڑ بارش ریکارڈ کی گی۔  نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پر  پانی کی سطح 10 فٹ اور گوالمنڈی پر  11.5 فٹ پہنچی۔

ریسکیو ٹیمیں  نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقے میں حفاظتی اقدامات کے لئے پہنچیں جنہیں کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر نشیبی علاقے میں تعینات کردیا گیا ۔بارش کے دوران ریسکیو اہلکار ان جگہوں پر مسلسل ڈیوٹی پر موجود رہے ۔ دوسری جانب ریسکیو1122نے راولپنڈی اسلام آباد میں بارش کے دوران احتیاط برتنے کے حوالے سے شہریوں کے لیے  ایڈوائزری جاری  کی جس میں ہدایت کی گی کہ بارشوں کے دوران انتہائی احتیاط برتیں،والدین بچوں کو نالہ لئی اور بجلی کے کھمبے کے پاس ہر گز نہ جانے دیں۔ بارش کے دوران ڈرائیونگ کم رفتار پر کریں کمزور اور خستہ حال چھتوں کے نیچے نہ جائیں۔