اسلام آباد (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں امن کے قیام، ترقی، خوشحالی اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، ملک بھر میںجماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم جاری ہے،عوام کا زبردست اعتماد اور رجوع بڑھ رہا ہے، ہم نوجوانوں اور عوام کی طاقت سے اس ملک میں ظلم کے نظام اور اس نظام کو چلانے والوں کے خلاف زبردست عوامی مزاحمت اور جدوجہد کریں گے اور حکمرانوں کو مجبور کردینگے کہ وہ عوام کو ان کا حق دیں،انھوں نے کہا قومی ایجنڈے کے ساتھ ”حق دو تحریک” کا آغاز کیا، حکومت نے راولپنڈی معاہدہ پر عمل درآمد نہیں کیا، جماعت اسلامی اس کے خلاف 29ستمبر کو ملک کی بڑی شاہراہوں پر دھرنے دے گی، بجلی کے بلوں کے بائیکاٹ پر ریفرنڈم کرایا جائے گا، پہیہ جام ہڑتال اور لانگ مارچ کے آپشنز بھی زیر غور ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد کی مختلف یونین کونسلوںمیں ممبر سازی کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا اور کار کنان کی بڑی تعداد بھی ان کے ہمراہ تھی۔میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو عوام کے حقیقی اور بنیادی مسائل کے حل کی بات کررہی ہے، دیگر تمام جماعتیں صرف اقتدار کی جوڑ توڑ میں مصروف ہیں، انھوں نے اسلام آبادکی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے جماعت اسلامی کے ممبر بنیں اور جدوجہد کا آغاز کریں، حکمران اپنی عیاشیاں اور شاہ خرچیاں ختم کرے، بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے، تاجرو ں اور عوام پر ظالمانہ ٹیکس واپس لے، بجلی کی قیمتیں اس کی اصل لاگت کے مطابق اور پیٹرول کی قیمتیں مزید کم کرے، آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن اور ظالمانہ معاہدوں بالخصوص مخصوص آئی پی پیز کو نوازنے اور اربوں روپے کی کیپسٹی پیمنٹ کا بھاری بھرکم بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے، انھوں نے کہاعالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت فی بیرل 70ڈالر تک آگئی لیکن عوام کو اس حساب سے ریلیف نہیں دیا گیا، حکومت چاہے تو پیٹرول کی قیمت 150روپے فی لیٹر تک کم کی جاسکتی ہے۔