لاہور (صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس خواجہ محمد شریف علالت کے باعث انتقال کرگئے۔ترجمان لاہور ہائیکورٹ کے مطابق خواجہ محمد شریف نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ انتقال کرگئے۔
جسٹس خواجہ محمد شریف 14 اپریل 2009 سے 8 دسمبر 2010 تک لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہے،یاد رہے کہ خواجہ محمد شریف وکلا کی تحریک کی بنا پر 16 مارچ 2009 کو ان ججوں کے ہمراہ اپنے عہدے پر بحال ہوئے تھے جن کو 3 نومبر 2007 کو پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے کی پاداش میں ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
عہدے پر بحالی کے تقریبا ایک ماہ کے اندر انہیں 14 اپریل کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔ 9 دسمبر 2010 کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ خواجہ محمد شریف اپنے عہدے کی معیاد مکمل ہونے پر ریٹائر ہوگئے تھے۔
ہائی کورٹ کے ججوں نے سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس کو الوداع کیا۔خواجہ شریف نے 1971 میں وکالت شروع کی اور دو مرتبہ لاہور کی ضلعی بار کے صدر منتخب ہوئے اور ہائی کورٹ کے جج بننے سے پہلے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے عہدے بھی فائز رہے۔ وہ لگ بھگ 13 برس تک ہائیکورٹ کا جج رہنے کے بعد ریٹائر ہوگئے تھے۔