آئین میں ترامیم کے لئے پارلیمینٹ پر کوئی قدغن نہیں لگاسکتا۔بیرسٹر دانیال چوہدری

اسلام آباد(صباح نیوز)پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ونشریات بیرسٹردانیال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اور ذرائع ابلاغ میں رابطوں کے مزید فروغ کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے ،قریبی روابط کے لئے صحافیو ں کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا،قومی پالیسیوں اور حکومتی فلاحی اقدامات اجاگر کرنے کے لئے میڈیا کے کردارسے انکار ممکن نہیں ہے،میڈیا کی قومی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں  ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزارت اطلاعات ونشریات میں پی ایف یو جے(دستور)کی قیادت میں صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آرآئی یوجے راناکوثر نے پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ونشریات کے راولپنڈی اسلام آباد کے  پیشہ وارانہ صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔

ملاقات میں صحافیوں کے حقوق، ہاؤسنگ اسکیم کے کوٹوں ،کم از کم تنخواہ کے قانون پر میڈیا ہاؤسزمیں عملدرآمد، اخبارات علاقائی میڈیا کے فروغ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ونشریات بیرسٹردانیال چوہدری نے پی ایف یو جے اور آرآئی یوجے کو اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے موقع پر بعض امور کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کیں۔پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ونشریات بیرسٹردانیال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمدشہبازشریف کے دورہ امریکہ کے دوررس نتائج مرتب ہونگے ۔

وزیراعظم کو فلسطین میں اسرائیل کی  جانب سے نسل کشی کی جنگ اور مسئلہ کشمیر کو مزید بھرپور اندازمیں اجاگر کرنے کا موقع ملاہے یہ دورہ پاکستان کے لئے انتہائی فائدہ مندثابت ہوگا ۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں بیرسٹردانیال چوہدری نے کہا ہے کہ آئین میں ترامیم پارلیمینٹ کا اختیار ہے اس پر کوئی قدغن نہیں لگاسکتا انھوں نے کہاکہ  حکمران اتحاد اداروں کے استحکام کے لئے آئین میں ترامیم  کا متمنی ہے اور مناسب وقت پر آئینی ترامیم کا بل ایوان میں پیش کردیا جائے گا ان ترامیم کا ایک مقصدمفادعامہ بھی ہے ایسا انصاف ملے جو سستا بھی اور بروقت بھی ملے ۔