لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے ”حق دو عوام کو” ملک گیر پرامن تحریک کو پورے پاکستان میں پھلا دیا ہے،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 29ستمبر کو پورے ملک کی شاہراہوں پر دھرنے دیئے جائیں گے جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص شرکت کرے گا، حکومت نے معاہدہ خلافی کرکے اپنے لئے ہی مسائل بڑھا دیئے ہیں۔عوام کو جعلی مینڈیٹ اور فارم 47پر بنی حکومت سے خیر کی توقع نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اخراجات کم کرنے کو تیار نہیں، ملک دیوالیہ اور معیشت ڈوب رہی ہے،سود کی لعنت کے باعث ملک قرضوں میں دھنس چکا ہے۔سود کے خاتمے کے لیے تحریک برپا کرنے کی ضرورت ہے۔شریعت عدالت نے سودی نظام کو آئین اور شریعت سے متصادم قراردیتے ہوئے 31 دسمبر 2027 تک ملک سے معاشی نظام سود سے پاک کرنے حکم دیا تھا، مگر بد قسمتی سے حکمران اس حوالے سے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتے ۔ سودی نظام نے مفلوج کرکے رکھ دیا ہے ۔ملک و قوم حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلو ں کی بدولت اس وقت 70 ہزار بلین روپے کی مقروض ہے۔ ہمارے بجٹ کا نصف سے زاید قرضوں کی ادائیگی میں نکل جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ ظلم کے خاتمے،عدل کے قیام اور طبقاتی نظام سے چھٹکارا پانے کے لیے جماعت اسلامی کے ممبر بنیں۔موجودہ حکمران فارم47 کی بنیاد پر اقتدار میں قابض ہیں۔ان کے پاس اہلیت و صلاحیت نام کی کوئی چیز نہیں۔جس کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ دو کروڑ باسٹھ لاکھ بچے سکول نہیں جاتے،74فیصد نوجوان ملک چھوڑ کر جانا چاہ رہے۔مہنگائی،بیروزگاری کے باعث لوگ خودکشی کررہے۔بجلی کے بل بم بن چکے ہیں،صحت کی سہولیات میسر نہیں،تعلیم مہنگی جبکہ روزگار کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ بہت سے غیر ملکی سرمایہ کار ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں ۔مگر حکمرانوں کے پاس کسی قسم کا کوئی معاشی ایجنڈا نہیں ہے