پاکستان محفوظ، پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، آصف علی زرداری

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے محفوظ، پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا جس سے امن اور خوشحالی کے دور کا آغاز ہوگا۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے  جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بیجنگ میں ہونے والے عالمی پائیدار ٹرانسپورٹ فورم2024 سے ویڈیو خطاب میں کیا۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے فروغ میں چین کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور علاقائی اور عالمی اقتصادی خوشحالی میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔انہوں نے چین کے صدر شی چن پھنگ کی قیادت میں چین کے قومی ترقی کے منصوبوں کو بھی سراہا۔صدر مملکت نے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے فورم کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے خواتین کے لیے خصوصی پنک بسیں متعارف کرائی ہیں تاکہ پبلک ٹرانسپورٹ کا محفوظ، آرام دہ اور قابل رسائی طریقہ فراہم کیا جاسکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی ضروریات پورا کرنے کے لیے موثر، ماحول دوست ٹرانسپورٹ کیلئے پائیدار انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دیہی علاقوں کی سڑکوں تک رسائی 92 فیصد تک ہوگئی ہے جو نمایاں بہتری ہے ،دیہی علاقوں کی رسائی میں اضافہ پائیدار ترقی کے فروغ اوردیہی آبادی کو بنیادی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے میں مددگار ہوگا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو بنیادی ڈھانچے کی پائیدار دیکھ بھال اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، گزشتہ 5 سال میں تباہ کن سیلابوں، شدید بارشوں سمیت موسمی حالات نے پاکستان کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا ہے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان رکن ممالک کی ٹرانسپورٹ انتظامیہ کے درمیان پائیدار ٹرانسپورٹ تعاون کا حمایتی ہے۔