اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے پنجاب کی مختلف یونیورسٹیوں اور کامسٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں مستقل وائس چانسلرز کی تقرری کے عمل کو تیز کرنے پر وفاقی اور پنجاب حکومتوں کو سراہا ۔ایک بیان میں چیئرمین ایچ ای سی نے تقرری پر خوشی کا اظہار کیا۔وفاقی اور پنجاب حکومت کی طرف سے مختلف یونیورسٹیوں میں قیادت کی عدم موجودگی کے اہم مسئلے کو حل کرنے کے لیے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وائس چانسلرز کی تقرری سے گورننس کے مختلف چیلنجز اور متعلقہ یونیورسٹیوں میں معیار تعلیم کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا، “وائس چانسلرز کی تقرری سے یونیورسٹیوں کے ساتھ ایچ ای سی کے روابط اور تعاون مزید مضبوط ہوگا، جس سے یونیورسٹیوں کے آپریشن میں نمایاں بہتری آئے گی۔”وائس چانسلرز کو مبارکباد دیتے ہوئے چیئرمین نے امید ظاہر کی کہ ان کی طرف سے نئے فرائض کی انجام دہی مختلف شعبوں میں کامیابیوں پر مزید پیش رفت کے لئے سنگ بنیاد ثابت ہوگی۔ڈاکٹر مختار احمد نے اعلی تعلیمی اداروں کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایچ ای سی کے عزم کا اعادہ کیاتاکہ اعلی تعلیمی شعبہ پاکستان کو علم پر مبنی معیشت بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے۔نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلرز میں ڈاکٹر محمد علی شاہ یونیورسٹی آف دی پنجاب لاہور کے لیے، ڈاکٹر شاہد منیر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے لیے، ڈاکٹر زبیر اقبال بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان ، ڈاکٹر امیر اعظم خان خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان ، ڈاکٹر عاقف انور چوہدری یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور ، ڈاکٹر عنایت اللہ خان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا اور ڈاکٹر احمد شجاع یونیورسٹی آف گجرات کے لیے شامل ہیں۔ اس دوران، وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے بھی کامسٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے لیے ڈاکٹر شاہد منیر کی تقرری کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔