غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی گھر واپسی کی ڈیل کا وقت آگیا ہے

نیویارک(صباح نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سالانہ 79واں اجلاس جاری ہے۔ اپنے خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے میرا چوتھا اور آخری خطاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، دنیا میں بہت سے لوگ مشکلات کو دیکھ رہے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ مشکلات سے نکلنے کا راستہ ہوتا ہے۔ جو بائیڈ کا کہنا تھا کہ میں نے بطور صدر افغان جنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اپنے خطاب میں امریکی صدر اسرائیلی زبان بولنے لگے اور کہا کہ ہر ملک کو اس بات کو یقینی بنانے کا حق ہے کہ اس پر دوبارہ حملہ نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو 7 اکتوبر کی ہولناکیوں کو نہیں بھولنا چاہیے، اسرائیل پر حماس نے حملہ کیا اور 1200 لوگ مارے گئے جس میں 40 سے زائد امریکی بھی شامل تھے۔ امریکی صدر غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کو دنیا کے سب سے بڑے فورم پر اسکا حق کہتے ہوئے وہاں شہید معصوم شہریوں سے متعلق بات کرنا بھول گئے۔تاہم انکا کہنا تھا کہ غزہ میں شہری اور یرغمالی ہولناک لمحات سے گزر رہے ہیں، غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی گھر واپسی کی ڈیل کا وقت آگیا ہے