لاہور (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے لئے قانونی کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہےـوزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئیـوزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کا عزم غیرمتزلزل ہے۔ مصنوعی مہنگائی اورذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لئے مجاز اتھارٹی کا قیام ناگزیر ہےـہر سیکٹر میں سٹرکچرل ریفارمز متعارف کرا رہے ہیں ـگلیو ں او ربازاروں میں تجاوزات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبائی، ڈویژنل، ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹیز قائم ہوں گی۔ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ریگولیٹری بورڈ بنے گا۔ تحصیل کی سطح پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر قانون کے نفاذ کو یقینی بنائے گا۔ ہیرنگ آفیسر تحصیل کی سطح پر اپیل سن کر فیصلہ دے گا۔ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی مہنگائی کے خاتمے کے لئے موثر کردار ادا کرے گی۔ تحصیل میں انفورسمنٹ افسر سمیت 40 اہلکار اشیائے صرف کے نرخ کی مانیٹرنگ اور کارروائی کریں گے۔عوام کی شکایات پر بھی گرانفروشوں کے خلاف موثر کارروائی ممکن ہوگی۔ غیر منقولہ تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لئے تحصیل کی سطح پر کارروائی جاری رکھے گا۔تحصیل کی سطح پر چار ایپلٹ فورم پر فیصلے کے لئے ٹائم لائن مقرر ہوگی۔ مووایبل تجاوزات کو ہٹا کر گلیاں بازار وسیع کیے جائیں گے۔سینیٹرپرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری،چیئرمین پی اینڈ ڈی، آئی جی،سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او اور دیگر حکام بھی موجود تھے