اسلام آباد(صباح نیوز)صدرمملکت آصف علی زرداری نے نیشنل نیوز پیپر ریڈر شپ ڈے کے موقع پر آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس )کو دلی مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ اخبارات سیاسی شعور بڑھانے اور شہریوں کو ان کے حقوق اور ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کے علاوہ خبریں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
نیشنل نیوز پیپر ریڈر شپ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے کہاکہ اخبارات کے قارئین کے اس دن پر، میں اخبارات سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ وہ ہمارے معاشرے میں اخلاقی اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اخبارات کے ذریعے لوگوں میں سماجی و اقتصادی مسائل سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں بردا شت ،رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی، حب الوطنی، شہری ذمہ داری اور انسانی حقوق کے احترام کو بھی فروغ دینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ آج کے تیز رفتار ڈیجیٹل دور میں، جہاں غلط معلومات اور جعلی خبریں تیزی سے وائرل ہو سکتی ہیں، وہاں اخبارات کا کردار اور بھی اہم ہو گیا ہے۔ اخبارات کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جعلی خبروں کی حوصلہ شکنی کے لیے درست اور اچھی طرح سے تحقیق شدہ خبریں فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
اخبارات جھوٹی معلومات کے پھیلاو کو روکنے اور حقائق پر مبنی خبروں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں۔ایک ذمہ دار پریس خبروں کی رپورٹنگ میں درستگی، انصاف پسندی اور توازن کے اعلی ترین معیار کو برقرار رکھتا ہے۔ ایک ذمہ دار پریس نہ صرف پسماندہ آوازوں کو سننے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے بلکہ اہم مسائل پر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان صحت مند بحث بھی پیدا کرتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ پریس کو اہم مسائل پر لوگوں کی رہنمائی اور آگاہی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس دن، ہمیں ایک آزاد اور ذمہ دار پریس کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرنا چاہیے جو جمہوری نظام کی کامیابی کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے مسائل پر رائے عامہ کی تشکیل کے لیے راہ ہموار کرسکے۔۔