لبنان پر اسرائیلی حملے شہدا کی تعداد558 ہو گئی

 بیروت (صباح نیوز)لبنان کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ  پیر سے اب تک اسرائیل کے فضائی حملوں میں درجنوں خواتین اور بچوں سمیت 558 افراد شہید  ہو چکے ہیں۔لبنان کے وزیرِ صحت ڈاکٹر فراس ابیاد کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 50 بچے بھی شامل ہیں۔ڈاکٹر ابیاد کا کہنا ہے کہ حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 1,835 تک پہنچ چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں طبی عملے کے افراد تمام مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے بڑھ چڑھ کر کر کام کر رہے ہیں۔

ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے کو ہماری مدد کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آنے والے حالات اس سے برے نہیں ہوں گے۔ڈاکتر ابیاد کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز اسرائیل کی جانب سے کلینکس کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں طبی عملے کے چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج صبح بنتِ جبیل ہسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد لبنان کے جنوبی علاقوں سے لوگ گاڑیوں اور ٹرکوں میں اپنا ضروری سامان لاد کر ہائی ویز کے ذریعے شمال کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔