اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 79 واں سالانہ اجلاس شروع، وزیراعظم شہباز شریف کی بھی شرکت

نیویارک(صباح نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں سالانہ اجلاس کا آغاز ہوگیا۔اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں سالانہ اجلاس کے افتتاحی سیشن میں خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے آغاز پر غزہ میں جاری اسرائیلی  جارحیت کا تذکرہ کیا اور وہاں کی صورت حال کو خوفناک قرار دیتے ہوئے جنگ بندی روکنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا طوفانوں کی زد میں ہے، ہمیں ایسے چیلنجز کا سامنا ہے جن کا کبھی سامنانہیں ہوا،دنیا میں سزا سے استثنی کے رجحان پر تنقید ہمیں ایسے چیلنجز کا حل نکالنا ہے۔

انتونیو گوترین نے کہا کہ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، تباہ کن تبدیلیوں کی سب کی بڑی وجہ کاربن کا اخراج ہے، جس کی روک تھام بہت ضروری ہے اور اس پر اس طرح سے اقدامات نہیں کیے جارہے، اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے کہا غزہ میں بلا تعطل ایک ڈرانا خواب جاری ہے، فلسطینیوں کے خلاف اجتماعی سزا بلاجواز ہے۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ کشیدگی اور  تشدد میں اضافے سے اب لبنان بھی جنگ کے دہانے پر ہے، لبنان کو ایک اور غزہ نہیں بننا چاہیے، دنیا میں سزا سے استثنی کا رجحان سیاسی اور اخلاقی لحاظ سے ناقابل برداشت ہے، سزا سے استثنی اور عدم مساوات کے رجحانات دنیا کے لیے بڑھتا خطرہ ہیں۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹر ی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھائے اور دو ریاستی حل کو کامیاب بنائیں، افتتاحی سیشن میں وزیرا عظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی ،اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے ،منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی، معاون خصوصی طارق فاطمی اور پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم وزیراعظم کے ہمراہ جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شریک ہیں۔