آرمی چیف کا ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ، دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی ،وانا (صباح نیوز)آرمی چیفجنرل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ پاک فوج خیبرپختونخوا ( کے پی ) پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مستقل تکنیکی مدد فراہم کرتی رہے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا اور دورے کے دوران انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال ، انسداد دہشتگردی آپریشنز اور ترقیاتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور خطرات کے مقابلے کی تیاری اور غیرمعمولی حوصلے کی تعریف کی۔اس موقع پر آرمی چیف نے دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف نے خیبرپختونخوا کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جنوبی وزیرستان میں قیام امن اور مختلف منصوبوں کیلئے عوام کے اہم کردار کا اعتراف بھی کیا۔جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے پی پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مستقل تکنیکی مدد فراہم کرتی رہے گی۔