لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے لاہور اور گوجرانوالہ کے چیمبر انتخابات میں جماعت اسلامی کے حمایت یافتہ گروپ کی جیت پر نو منتخب افراد کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پر تاجر برادری کا اعتماد اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ نام نہاد حکمران ٹولے سے تنگ آچکے ہیں ۔ اب جماعت اسلامی کو ہی نجات دہندہ سمجھتے ہیں ۔ اور اس کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ ہم ان شا ء اللہ تاجر برادری سمیت عوام کو مایوس نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے اور وہ تبدیلی صرف جماعت لاسکتی ہے اس کے لیے کہ ہمارے پاس منظم تنظیم اور مخلص ٹیم موجود ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے۔ ملک میں فارم 47 کے زریعے بدترین حکومت اور گورننس کو قائم کیا گیا ہے،ان ظالموں سے خیر کی توقع نہیں، عوام کو ان سے اپنا حق چھینا پڑے گا۔ اب قوم ان کی ڈنگ ٹپاو پالیسیوں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔ اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی پارٹی عوام کے حقوق کے لیے بات نہیں کررہی۔ عوام بنیادی حقوق کے لیے ترس رہے ہیں، ہم ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ حق کے غلبے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی حق دو تحریک کا حصہ بن رہا ہے، ہماری تحریک کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے حقوق کی تحریک ہے اور اس وقت تک جاری رہے گی جب تک حکمران عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم نہیں کرتے۔ حق دو تحریک کے دوسرے مرحلے میں ممبر سازی مہم میں پچاس لاکھ افراد کو جماعت اسلامی کا ممبر بنائیں گے۔قوم ہمارا ساتھ دے تو ملک میں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔ رابطہ عوام مہم میں نوجوانوں کو سب سے زیادہ ہدف بنایا جائیگا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے جس کو ختم کئے بغیر ملک و قوم ترقی نہیں کر سکتے ۔اس ملک ایک طرف ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے ، کوئی بھی غیر ملکی ادارہ قرض دینے کو تیار نہیں ، حالات ابتر ہوتے جا رہے ہیں تو دوسری جانب حکمرانوں نے بے حسی کی انتہا کر دی ہے ۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی ظالمانہ شرائط اور حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں نے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کر دیئے ہیں۔موجودہ حکمرانوںنے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔ حکمرانوں کے ان ظالمانہ اقدامات کے خلاف جماعت اسلامی سراپا احتجاج ہے