اسلام آباد میں بغیر اجازت اجتماع پر پابندی سے متعلق وفاق اور سیکرٹری قانون کو نوٹس ،جواب طلب


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں بغیر اجازت پر امن اجتماع پر پابندی سے متعلق وفاق اور سیکرٹری قانون کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے وفاقی دارالحکومت میں بغیر اجازت پر امن اجتماع پر پابندی سے متعلق قانون سازی کے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے وکیل  ایمان مزاری  عدالت میں پیش ہوئیں، ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اس پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ اجتماع تو اجازت سے مشروط ہوتا ہے اور اس کیلئے ایک جگہ مختص ہوتی ہے، یورپ اور برطانیہ سمیت پوری دنیا میں اسمبلی اجازت سے مشروط ہوتی ہے۔

ایمان مزاری نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو 3 سال قید کی سزا مقرر کی گئی ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ تین سال سزا والی بات بنیادی حقوق کے خلاف ہے ، یہ کہہ سکتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے وفاق اور سیکرٹری قانون کو نوٹس جاری کر تے ہوئے جواب طلب کیا، عدالت نے اٹارنی جنرل کو بھی عدالتی معاونت کیلئے طلب کرکے سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔