سینیٹر روبینہ خالد کی ذوالفقار علی بھٹویونیورسٹی میں پشتون کلچر ڈے کی تقریب میں شرکت

اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی اسلام آباد میں پشتون کلچر ڈے کی تقریب میں شرکت کی ۔اس موقع پر پشتون نوجوانوں نے روایتی پشتورقص پیش کیا۔ پشتون کلچر ڈے کی تقریب میں سینیٹر روبینہ خالدنے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں طالب علموںسے کہا گیا کہ وہ پشتون معاشرے اور پاکستان میں  ایک مثبت تبدیلی لانے  میں اپنا   اہم کردار ادا کریں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر  روبینہ خالد نے پشتون ثقافت کے بنیادی ستون،بزرگوں کا احترام بحال کرنے میں نوجوانوں کے اہم کردار پر زور دیا۔طلبہ تعمیری مکالمے ، کمیونٹی شمولیت ، سماجی ہم آہنگی اور قومی ترقی کو فروغ دینے کے لیے تعلیم کو بروئے کار  لاتے ہوئے  ذمہ داری کے ساتھ سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے  کہا  کہ “پشتون ثقافت کا جوہر ،اس کی عزت اور احترام کی اقدار میں پنہاں ہے۔ نوجوان نسل کے لیے ان اصولوں کو اپنانا بہت ضروری ہے۔”کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے روبینہ خالد نے  بی آئی ایس پی کے مشن اور سماجی اثرات کو آگے بڑھانے کے حوالے سے  یونیورسٹی  طلبا کے لیے  بطور رضاکار  بی آئی ایس پی کیساتھ کام کرنے کے مواقع کی فراہمی کا اعلان کیا۔ کیمپس کے سربراہ خسرو خان نے پسماندہ کمیونٹیز کو بااختیار بنانے اور ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کے لیے سینیٹر خالد کی لگن کی تعریف کی۔یہ تقریب سماجی طور پر ذمہ دار رہنماؤں  کی سوچ اور  ملکی خوشحالی کے فروغ دینے کے لیے تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک میں بی آئی ایس پی کی دلچسپی کو واضح کرتی ہے