لاہو ر(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ سے ملحقہ منصورہ ٹیچنگ ہسپتال کے ایم ایس صاحبزادہ ڈاکٹر انوار احمد بگوی کی میڈیکل سپریٹنڈنٹ کے عہدہ سے سبکدوشی پر ان کے اعزاز میں الوداعی استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کی۔
امیر جماعت اسلامی کے سیاسی مشیر و سابق صدر گورننگ باڈی منصورہ ڈاکٹر فریداحمد پراچہ، ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد، جنرل سیکرٹری گورننگ باڈی و ناظم مالیات جماعت اسلامی نذیر احمد جنجوعہ، قائم مقام ایم ایس منصورہ ہسپتال ڈاکٹر نثار احمد شاہ، ابرار احمد بگوی، سماجی کارکن متین بٹ سمیت منصورہ ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔ تقریب میں ہسپتال کی فلاح و بہبود اور اس کی ترقی میں کردار ادا کرنے پر ڈاکٹر انوار احمد بگوی کو خرج تحسین پیش کیا گیا۔امیر العظیم نے کہا کہ صاحبزادہ ڈاکٹر انوار احمد بگوی کی دس سالہ خدمات میں منصورہ ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف نے اسے لاہور کا ایک مثالی ہسپتال بنایا ہے، یہاں پر مریضوں سے پیش آنے والا شفقت بھرا رویہ اور ان کے علاج معالجے کے سلسلے میں ڈسپلن، صلہ رحمی، خدمت خلق نے اسے چارچاند لگا دیے ہیں۔
ہسپتال ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ سابق امیر جماعت میاں طفیل محمد نے منصورہ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا اور اس کے بعد سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد، سید منور حسن، سراج الحق نے منصورہ ہسپتال کی تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ ڈاکٹر انوار بگوی نے اپنے پیشے سے سچی خدمت کرنے پر اپنی توجہ مرکوز رکھی۔نذیر احمد جنجوعہ نے کہا کہ ڈاکٹر انوار بگوی کی منصورہ ہسپتال کے لیے فلاحی اقدامات کرنے اور اسے فلاحی ہسپتال بنانے کے لیے جو کاوشیں کی ہیں وہ روز روشن کی طرح عیاں ہیں، ان شا اللہ انسانیت کے لیے خدمت کا جذبہ آئندہ بھی آب و تاب سے جاری رہے گا۔ تقریب کے آخر میں امیر العظیم نے صاحبزادہ انوار بگوی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔