الجزیرہ چینل کو بند کرنا غزہ میں مزاحمت کی کارکردگی اور حزب اللہ کے رد عمل کو چھپانے کی کوشش ہے،عزت الرشق


 غزہ (صباح نیوز)حماس کے سیاسی دفتر کے رکن عزت الرشق نے کہا ہے کہ الجزیرہ چینل کو بند کرنا غزہ میں مزاحمت کی کارکردگی اور حزب اللہ کے رد عمل کو چھپانے کی کوشش ہے۔

اپنے بیان میں الرشق نے کہا کہ قابض صہیونی حکومت کا راملہ میں الجزیرہ چینل کے دفتر کو بند کرنے کا فیصلہ اس کے پیشہ ورانہ کردار کی سزا ہے، جس نے ہماری قوم کے خلاف قابض افواج کے جرائم کو بے نقاب کیا۔

الجزیرہ کو بند کرنا غزہ میں مزاحمت کی کارکردگی اور حزب اللہ کے رد عمل کو چھپانے کی کوشش ہے، خاص طور پر حزب اللہ کی جانب سے صہیونی سرزمین کے اندر فوجی اڈوں کو نشانہ بنانا۔الجزیرہ کے دفتر کو بند کرنا صحافیوں کے خلاف اعلان کردہ جنگ کی انتہا ہے، جو صہیونی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں تاکہ سچائی کو چھپایا جا سکے۔

الجزیرہ کو بند کرنا آزادی صحافت کی کھلی خلاف ورزی اور آزادیوں کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔ہم الجزیرہ چینل کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، اس کے دفتر کی بندش کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، اور ہمیں یقین ہے کہ یہ فیصلہ الجزیرہ کو اپنے اہم کردار کو جاری رکھنے اور تمام رکاوٹوں کا مقابلہ کرنے سے نہیںروک سکے گا۔