سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس ( میرواعظ )کے چیرمین میر واعظ عمر فاروق نے تحریک آزادی کشمیر کے صف اول کے رہنما شہید محمد مقبول بٹ اور سرزمین کشمیر کے نامور سپوت شہید محمد افضل گورو کو ان کی شہادت کی برسیوں پرشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے ان کی قربانیوں کی تعریف کی ہے ۔
میرواعظ عمرفاروق نے جو سرینگر میں گھر میں نظربند ہیں نے ایک بیان میں کہاہے کہ اپنے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام اور حریت قیادت کی طرف سے دی گئی قربانیوں کی تاریخ انتہائی شاندار ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ صورتحال کچھ بھی ہو، ہمیں اپنے عزم اور حوصلے کو برقرار رکھنا چاہیے اور شہدا کے اس ویژن اور مشن کی تکمیل کیلئے اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنی چاہیے جس کیلئے 1931سے بالعموم اور 1947سے بالخصوص کشمیری شہدا نے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کل بدھ اور جمعہ کو دونوں شہدا کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر مکمل ہڑتال کی اپیل کی ۔
میرواعظ عمر فاروق نے عالمی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ تہاڑ جیل سے مقبول بٹ اور افضل گورو کی باقیات انکے اہلخانہ کے حوالے کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں چوہدری شاہین اقبال، حکیم عبدالرشید، شفیق الرحمان، ارشاد احمد ملک، غلام نبی وار اور چوہدری مزمل ایڈووکیٹ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی پھانسیوںکو ایک وحشیانہ قتل قراردیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں رہنمائوں کی پھانسیوں سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ بھارتی عدالتوں سے کشمیریوں کو ہرگز انصاف نہیں مل سکتا ۔