وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا روانہ

 اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا روانہ ہو گئے،اس موقع پروزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر عالمی مسائل، امن کے فروغ، ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے امور کو اجاگر کیا جائے گا ،دنیا کے سامنے پاکستان کا نقطہ نظر پیش اور مختلف امور پر پاکستان کے موقف اور مفادات کی ترجمانی کروں گا ۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کو روانگی کے موقع پر ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نیویارک روانہ ہو رہا ہوں،نیویارک میں انتہائی مصروف وقت گزرے گا ۔وزیراعظم نے کہا کہ اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماوں سے اپنی بات چیت میں عالمی مسائل، امن کے فروغ، ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے امور کو اجاگر کیا جائے گا ،اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم سے دنیا کے سامنے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کروں گا اور مختلف امور پر پاکستان کے موقف اور مفادات کی ترجمانی کروں گا ۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط کرنے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں سے بھی دنیا کو آگاہ کیا جائے گا،

وزیراعظم شہباز شریف امریکا جاتے ہوئے لندن میں ایک روز قیام کریں گے، ایک ہفتے کے دورے کے دوران وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب 27ستمبر کو متوقع ہے، وزیراعظم کی مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار وزیراعظم کے ہمراہ امریکا نہیں گئے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سفارتی مصروفیات اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے اجلاس کی تیاریوں کے پیش نظر اسحاق ڈار وزیراعظم کے ہمراہ نیویارک نہیں گئے۔