پاکستانی عوام بوسنیا کی جدوجہد آزادی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،آصف لقمان قاضی

سراجیوو (صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور  خارجہ آصف لقمان قاضی  نے کہا ہے کہ  پاکستانی عوام بوسنیا کی جدوجہد آزادی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔بوسنیا یورپ کے اندر اسلام اور مسلمانوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے میں جماعت اسلامی پاکستان اپنا کردار ادا کریگی۔

ان خیالات کا اظہار   آصف لقمان قاضی نے اپنے دورہ بوسنیا کے موقع پر ہفتہ کو سراجیوو میں  مختلف ملاقاتوں کے دوران  بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سراجیوو میں انہوں نے بوسنیا کے سابق صدر اور بوسنیا کی سب بڑی سیاسی جماعت  کے سربراہ باقر عزت بیگووچ اور بوسنیا کے رئیس العلماء ڈاکٹر حسین کاوازووچ سے ملاقاتیں کیں۔باقر  عزت بیگوووچ بوسنیا کی جنگ  آزادی کے ہیرو اور ملک کے پہلے صدر علی عزت بیگوووچ کے صاحبزادے ہیں۔

ڈاکٹر حسین کاوازووچ بلقان کے مسلمانوں کی مساجد اور دینی امور کے سربراہ ہیں جن کی زیرادارت بلقان اور دیگر ممالک میں تقریبا آٹھ ہزار مساجد ہیں۔باقر عزت بیگوووچ نے کہا کہ بوسنیا کے مسلمان جنگ آزادی میں پاکستان کی مدد کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔رئیس العلماء نے پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔جنہوں نے حال ہی میں انہیں ستارہ امتیاز کا اعزاز دیا۔آصف لقمان قاضی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے میں جماعت اسلامی پاکستان اپنا کردار ادا کریگی۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک سے بزنس کمیونٹی ،طلباء اور سکالرز کے وفود کا تبادلہ کیا جائے گا اور تعلقات کو عوامی سطح پر استوار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے جنگ آزادی میں بوسنیا کا ساتھ دیا تھا۔ان تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔