لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری کے بیان کہ ” آئی پی پیز کو نیپرا نے 15تا16فیصد منافع کی اجازت دی مگر بیلنس شیٹس 60تا70فیصد منافع دکھا رہی ہیں ”پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ، ان کو فوری طور پر ختم ہونا چاہئے ۔ بجلی کی قیمت ادا کرنے عوام کی قوت خرید سے باہر ہو چکی ہے ۔بند گھروں کے لاکھوں روپے کے بل آرہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔رہی سہی کسر اوور بلنگ نے پوری کر دی ہے ۔ پورے کا پورا نظام ہی تلپٹ ہو کر رہ گیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی ملک و قوم کو بند گلی میں دھکیلنے کی کوشش نا قابل فہم اور مایوس کن امر ہے ، ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرنا ہو گا ۔فارم 47والے پاکستان کودرپیش مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کسی کو بھی عوام کے مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں اور نہ ہی قومی سلامتی اور عزت و وقار کی قدر ہے ۔ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔ آئی پی پیز کے معاملے میں حکومت کی بے بسی دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کرپٹ مافیا حکومت کی رٹ سے بہت زیادہ طاقت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے حالات دگر گوں اور حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت معیشت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے ۔ مفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ظلم و ستم کے اس نظام نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے ساتھ مافیا ز نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ محب وطن قیادت کا فقدان ہے مگر اس سے بھی بڑھ کرسیاسی معاملات میں غیر سیاسی قوتوں کی دخل اندازی اورماورائے آئین و قانون اقدامات نے تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ۔پاکستان کو درست سمت لے کر جانے کے لئے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اپنے متعین آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں