لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات وپنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی جلسے میں خالی کرسیوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلسے کے مقررہ وقت کا آغاز ہونے والا ہے اور ابھی تک کرسیاں خالی ہیں، یہ انقلاب اور مقبولیت کاعبرتناک نظارہ ہے۔ مریم اورنگزیب نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر جلسہ گاہ کے مناظر کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دیکھیں،مقررہ وقت کا آغاز ہوچکا ہے اور ابھی تک گنے چنے لوگ ہی جلسہ گاہ میں ہیں۔انہوں نے لکھا کہ اب تک یہ لوگ 3درجن کرسیاں نہیں بھرسکے، یہ انقلاب اور مقبولیت کاعبرتناک نظارہ ہے، جعلی اور پرانی وڈیوز جاری کرکے اپنے حامیوں کی ذہن سازی کی جاتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس بار اصلی مناظر ہم جاری کر رہے ہیں تاکہ کوئی شک نہ رہے۔۔ ویلکم ٹو لاہور ۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ پنجاب سے تو مسترد ہوچکے ہیں، اس لیے خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین اور سرکاری مشینری کے ہمراہ انتشاری سرکس لگانے کی کوشش جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے برسرِ پیکار صوبے کی ریسکیو کی گاڑیاں، ایمبولنسز، کرینیں خیبر پختونخوا سے پنجاب سیاسی انتشار پھیلانے کے لیے لانا اِن کا اصل چہرہ ہے۔واضح رہے اس سے قبل پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے بھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب کے لوگ مصروف ہیں وہ جلسے میں نہیں جارہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا اپنے ساتھ ڈنڈا بردار فورس لارہے ہیں، گاڑیوں میں اسلحہ رکھا ہوا ہے اور سرکاری مشینری کا استعمال کررہے ہیں