لاہور(صباح نیوز)اسلامی جمعیت طالبات پاکستان21 ستمبر کو اپنا 56واں یومِ تاسیس منا رہی ہے۔ ناظمہ اعلی اسلامی جمعیت طالبات پاکستان، حنہ بی بی نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اللہ رب العالمین کا بے انتہا شکر ہے کہ اس نے ہمیں اپنے دین کی خدمت کی سعادت بخشی اور اپنے کام کے لیے چن لیا۔ جمعیت طالبات نصف صدی سے زائد کے سفر میں لاکھوں طالبات کی زندگیاں سنوار چکی ہے اور طالبات میں اسلامی اقدار و روایات کی ترویج کے لیے کوشاں ہے۔ جو تعلیمی اداروں میں اسلامی اصولوں اور نظم و ضبط کو قائم کرنے میں مصروف عمل ہے۔ آج ہمارا نظامِ تعلیم نوجوان نسل کی اسلامی خطوط پر تربیت کی بجائے دین سے بیگانہ کرنے کا موجب بن رہا ہے۔تعلیمی اداروں کا ماحول اور نظام تربیت ان تمام تقاضوں کو پورا کرنے سے قاصر ہے جو اسلام نے متعین کر دیئے ہیں۔
ایسے تاریک ماحول میں اسلامی جمعیت طالبات بلاشبہ روشنی کی پیغامبر بن کر ظلمت کے اندھیرے مٹانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔کارکنانِ جمعیت اس پرمسرت موقع پر رب کے حضور شکر بھی بجا لاتے ہیں اور مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جنہوں نے مغربی تہذیب کی یلغار اور برائیوں کے طوفان میں اپنے مقصد زندگی کو پا لیا۔اس موقع پر کارکنانِ جمعیت کو یہ تذکیر بھی کروانا چاہوں گی کہ اسلامی تحریک کی اصل بنیاد تعلق باللہ ہے جو اس عظیم مقصد کے لئے آپ کو تحریک بھی دیتا ہے اور استقامت بھی۔آپ مرجع خلائق ہوں اور مجسم داعی ہوں۔ آپ جس بھی تعلیمی ادارے میں پڑھتے ہوں اس کو اپنی دعوت کا مرکز بنا لیجئے۔ زیادہ سے زیادہ طالبات تک پہنچنے کی فکر و تڑپ رکھیے اور اپنے ایمان، فہم،جذبوں اور کوششوں کو تیز تر کرنے کے لئے پر عزم رہیں تاکہ آپ پاکستان میں صبح نو کی وہ کرن بن سکیں جو اس سرزمین کو حقیقی معنوں میں اسلام کا قلعہ بنائیں گے۔ ان شا ء اللہ۔