مسلمانو! متحد ہو جاؤ، وحدت مسلمانوں کی طاقت بڑھائےگی: صدر ایران

تہران (صباح نیوز) ایران میں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس  صدر کے خطاب سے شروع ہوگئی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اڑتیسویں بین الاقوامی وحدت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہ جو تہران میں ہو رہی ہے اور اس میں بڑی تعداد میں مختلف اسلامی ممالک کے علما اور دانشور موجود ہیں مسلمانوں میں اختلاف وتفرقے کو دشمنوں کی سازش قرار دیا اور کہا کہ وحدت مسلمانوں کی طاقت بڑھائیگی۔

انھوں نے کہا کہ اگر مسلم ممالک متحد ہوتے تو مٹھی بھر صیہونی غزہ میں اس طرح عام شہریوں، عورتوں اور بچوں کے قتل عام کی جرائت نہ کرتے۔ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ تمام مسلمانوں کو متحد ہو جانا چاہئے اس لئے کہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی دشمن کے مقابلے میں ان کی طاقت کو بڑھا سکتی ہے۔صدر ایران نے کہا کہ قرآن کریم میں گناہ کرنے اور اختلاف ڈالنے سے روکا گیا ہے اور اختلاف کا مطلب ہے اللہ تعالی کی رسی کو چھوڑ دینا۔ڈاکٹر پزشکیان نے غزہ پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ یلغار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بیس یا تیس لاکھ صیہونی ، مسلمانوں کو تباہ و برباد کر رہے ہیں اور مردوں عورتوں ، بچوں اور بزرگوں نیز بیماروں کو قتل کر رہے ہیں، مسجدوں اور اسپتالوں پر بمباری کر رہے ہیں کیونکہ مسلمان متحد نہیں ہیں اور صیہونی حکومت اس طرح کے جرائم انجام دینے کی جرائت کر رہی ہے۔

صدرمملکت نے کہا کہ صیہونی حکومت جرائم کر رہی ہے کیونکہ مسلمانوں کی زبان و نظریہ ایک دوسرے سے مشترک نہیں ہے، ان کے درمیان اتحاد نہیں ہے اور معمولی چیزوں پر ایک دوسرے سے لڑ جھگڑ رہے ہیں ۔ڈاکٹر پزشکیان نے امید ظاہر کی کہ اسلامی معاشرے کو اتحاد کے لئے نیا دستور العمل اور منشور تیار کرنا چاہئے اور اپنے معاشروں سے تمام مسائل و اختلاف کو ختم کردینا چاہئے اور امت کے دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہو جانا چاہئے۔اڑتیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس “مسئلہ فلسطین پر تاکید کے ساتھ مشترکہ اقدار کے حصول کے لیے اسلامی تعاون ” کے موضوع پر تہران کے سربراہی اجلاس ہال میں ہو رہی ہے ۔ اس اجلاس میں اسلامی ممالک کے علما ، دانشور اور ممتاز شخصیات سمیت ایران کی سیاسی و عسکری شخصیات بھی موجود ہیں ۔