اسرائیلی فورسز کا پلان مرحلہ وار ہے، اسرائیل کی دھمکی

 تل ابیب (صباح نیوز)اسرائیلی فوج کے سربراہ نے حزب اللہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس بہت سی صلاحیتیں ہیں، جو ہم نے ابھی فعال نہیں کیں۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کے سربراہ نے کہا کہ مرحلہ وار آگے بڑھ رہے ہیں، ہر مرحلے پر حزب اللہ کو قیمت ادا کرنا ہوگی۔لبنان میں حزب اللہ کے ارکان کے پیجرز میں جان لیوا دھماکے کرنے کے بعد اسرائیلی فوج نے ایسی مزید تکنیک استعمال کرنے کا عندیہ دے دیا۔

یاد رہے کہ پیجرز دھماکوں میں لبنانی وزیر کے بیٹے سمیت 12افراد جاں بحق اور 4 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد بدھ کو پھر لبنان کے  دارالحکومت بیروت میں ایک بار پھر دھماکے سنے گئے۔حزب اللہ کے کئی اراکین اس وقت زخمی ہوئے جب ان ہی کے زیراستعمال پیجر ڈیوائسز میں دھماکے ہوئے۔حزب اللہ نے لبنان میں ہوئے پیجر دھماکوں کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا تھا لیکن اسرائیل یا اس کی فوج کی جانب سے ان دھماکوں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا۔ تاہم اب اس حوالے سے اسرائیلی فوج کا بیان بھی سامنے آچکا ہے۔اس ضمن میں اسرائیل کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ہیرزی حلوی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے پاس بہت صلاحیتیں ہیں جو اس نیابھی فعال نہیں کیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز کا پلان مرحلہ وار ہے اور ہر مرحلے پر حزب اللہ بڑی کو بھاری قیمت چکانی ہوگی۔اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے مشرق وسطی میں ایک نئی جنگ کے آغاز کا عندیا دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کا مرکز شمال کی جانب منتقل ہو رہا ہے جہاں اسرائیل کی لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ یوو گیلنٹ نے اسرائیلی فضائی اڈے کے دورے کے دوران کہا کہ جنگ کا مرکز شمال کی جانب منتقل ہو رہا ہے اور اس سلسلے میں وسائل مختص کیے جا رہے ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم جنگ کے ایک نئے مرحلے کے آغاز پر ہیں، اس کے لیے ہماری طرف سے ہمت، عزم اور استقامت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔