قرآن و سنت ۖپر عمل ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے ، منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ ہمارے تمام مسائل کا حل رسول ۖ  کے اسوۂ اور قران پر عمل کرنے میں ہے،ایک ایسی جدوجہد کی ضرورت ہے کہ ہم ظالم کے سامنے رکاوٹ بن کر کھڑے ہو جائیں ، اس کے لیے اجتماعیت، قوت اور طاقت درکار ہے،ظلم کی شکلیں مختلف ہیں’ان کے خلاف اجتماعی قوت بننا ہے’ یہ کام صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی کر سکتی ہے۔عوام میں حقیقی عوامی قیادت کا شعور بیدار ہوگیا تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ جماعت اسلامی ملک کی گیر ممبرشپ مہم عوامی مسائل اُجاگر اور حل کرنے میں معاون ثابت ہوگی،امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ملک بھر کے مظلوموں کی آواز بن چکے ہیں’ کارکنان گھر گھر پہنچیں اور جماعت اسلامی کی جدوجہد اور مقاصد سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روشناس کرائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت اورنگی ٹاؤن میں تین روزہ ”فہم قرآن وسنت کانفرنس” کے تیسرے اور آخری روز اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجمعیت اتحاد العلماکراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید’ امیر ضلع غربی مدثرحسین انصاری’ سیکرٹری جنرل عبدالحنان خان، خالد زمان شیخ’ شہبازخالدودیگر نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، خواتین کے لیے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا ۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کراچی پورے ملک کو چلاتا ہے مگر یہاں کے باسی مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں’ سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے’ بلدیات پر حقیقی قیادت کے بجائے جعلی مینڈیٹ والی قیادت مسلط کردی گئی ہے’ لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں’ پانی’بجلی اور گیس کا بحران شدید تر ہوتا جارہا ہے’ سیوریج کا نظام تباہ حال ہے’ سڑکیں کھنڈرات کا منظرپیش کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امت رسول اللہۖ کے اسوہ کو بھلا کررسوا ہورہی ہے’مسلم حکمرانوں نے اہل غزہ اورمظلوم مسلمانوں کو تنہا چھوڑ دیا ہے’ مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں’ اہل غزہ وفلسطین اور حماس نے عزم وہمت’حوصلہ اور قربانی سے صحابہ کرام کے دور کی یاد تازہ کردی ہے’آپ صل اللہ علیہ وسلم سے کامل محبت تک ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوسکتا ہے’ہمیں اپنے معاملات اور معمولات کا جائزہ لینا ہے کہ ہم  اللہ اور اس کے رسول ۖ کے پیغام کو سمجھ کر کس حد تک اس پرعمل پیرا ہوتے ہیں’ نیکی کا حکم اوربرائی سے روکنا ہماری ذمے داریوں میں شامل ہے’اسی کام کے لیے یہ امت مبعوث کی گئی ہے’ یہ آسان نہیں بلکہ مصائب اور مشکلات کاراستہ ہے’ انبیااور ان کے اصحاب نے اس راستے میں مصائب جھیلے ہیں’ نبی مہربان صل اللہ علیہ وسلم کے صحابہ نے صبراوراسقامت کے ساتھ کلمہ حق کی سربلندی کے لیے ظلم وجبر کا مقابلہ کیا۔امیر ضلع غربی مدثرانصاری نے کہا کہ سہہ روزہ” قرآن و سنت کانفرنس” کا مقصد نہ صرف سیرت رسول صل اللہ علیہ وسلم کاتذکرہ اوربیان ہے بلکہ اسوہ محمد صل اللہ علیہ وسلم پرعمل پیرا ہونا بھی ضروری ہے ،جماعت اسلامی آئندہ بھی اسوۂ رسولۖ  کو معاشرے میں عام کرنے اورمثبت تبدیلی کے لیے کردارادا کرتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی مسائل کی دلدل میں گھرا ہوا ہے، بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات سلب کر کے شہریوں کو پریشان کرنا پیپلزپارٹی کو وتیرہ ہے۔