عیدمیلادالنبی ۖ کا پیغام ہے کہ ہم سب متحد ہوکر ایک امت بن جائیں،محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ عیدمیلادالنبی کا پیغام ہے کہ ہم سب متحد ہوکر ایک امت بن جائیں۔نبی مہربان ۖ نے پوری زندگی انسانیت کی خدمت اوراللہ کے دین کو غالب کرنے میں لگادی ۔مدینہ کی مثالی ریاست قائم کرکے امن وعدل انصاف کا معاشرہ قائم کیا۔اسوہ حسنہ سے منہ موڑلینے کی وجہ سے امت مسلمہ آج بے شمار مسائل کا شکار ہے اس لیے اسوہ حسنہ ۖ کو نہ صرف اپنی زندگی کاروڈ میپ بنائیں بلکہ ملک میں نظام مصطفی کی جدوجہد کو تیز کیا جائے ۔آپ ۖسے حقیقی محبت کا تقاضا ہے کہ سیرت طیّبہ کو زندگی کا روڈ میپ اور سیرت کو اپنایا جائے۔ ہمیں اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط بنانا چاہیے اور پوری زندگی کو سیرت اور اسوہ حسنہ کی روشنی میں گزارنے کا عہد اور جذبہ پیدا کرنا چاہیے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ عیدمیلاد النبی ۖ کا اصل پیغام متحد ومنظم امت ہے۔آپس کے اختلافات و نااتفاقی کی وجہ سے آج فلسطین کشمیر سمیت پوری دنیا میں مسلم امت کا خون بہایا جارہاہے۔اسی طرح قرآن وسنت سے روکردانی کی وجہ سے آج وطن عزیز سیاسی معاشی واخلاقی انحطاط کاشکار ہے۔آج کے دن پاکستان کو اسلامی وخوشحال ملک بنانے کا عزم کیاجائے۔