لاہور(صباح نیوز )پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہاہے صوبے کو پلاسٹک بیگز سے پاک کرنے کے وژن پر عمل درآمد جاری ہے اور گزشتہ دو ماہ میں 77 ٹن پلاسٹک قبضے میں لے کر تلف کیا گیا ہے۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا کہ محکمہ ماحولیات کے عملے نے لاہور میں چھاپے مارے اور قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے پلاسٹک بیگز قبضے میں لے لیے ہیں-انہو ں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی جہاں بھی ہو گی، کارروائی کریں گے اور پلاسٹک بیگز سے پنجاب کو پاک کرنے کے ایکشن پلان پر تیزی سے کام جاری ہے، میڈیا کو پلاسٹک بیگز کے خاتمے اور ماحول کی بہتری کے لیے محکمہ ماحولیات کی کاوشوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے،
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل ای پی اے اور ان کا عملہ دن رات اسموگ سے بچا اور ماحول کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں، تاریخ میں پہلی بار محکمہ ماحولیات نے اتنے بڑے پیمانے پر اقدامات شروع کیے ہیں اور ہم سب کی شاباش سے ان کے حوصلے مزید بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کو پلاسٹک بیگز سے مکمل طور پر پاک کرنے میں ابھی وقت لگے گا، سرکاری دفاتر کی سطح پر پلاسٹک فری کی پالیسی پر عمل شروع ہو چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نو پلاسٹک پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا،
میڈیا مدد کرے اور نشان دہی کا سلسلہ جاری رکھے، میڈیا رپورٹس کی مدد سے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے-سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے۔مریم اورنگزیب نے اپیل کی کہ میڈیا اور دیگر نجی ادارے اپنے دفاتر میں نوپلاسٹک پالیسی پر عمل کروا کر ایک مثال بنیں اور میڈیا عوام کو آگاہ کرنے میں مدد کرے کہ پلاسٹک بیگز استعمال نہ کریں