آئینی عدالت کی سوچ نئی نہیں، نمبر ہوں گے تو ترامیم کریں گے، اسحاق ڈار

اسلا م آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ نواز کے سینیٹر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہاہے کہ آئینی عدالت کی سوچ کوئی نئی نہیں ، آئینی ترمیم دوتہائی کے بغیر نہیں ہوسکتی ، نمبر ہوں گے تو کریں گے۔قانون سازی کرنا حکومت کا آئینی حق ہے، مل کر کام کریں تو ملک ترقی کرے گاسینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کہا جا رہا ہے چھپ کر قانون سازی ہو رہی ہے، ایک حکمت عملی بھی ہوتی ہے، قانون سازی ہمارا کام ہے، ماضی میں ہر کوئی قانون سازی کرتا رہا ہے، ہمیں اصولوں کی سیاست کو نہیں چھوڑنا چاہیے۔ پی ٹی آئی  کے دور حکومت میں آدھے گھنٹے میں 22 بل منظور ہوئے، ہر حکومت کی اپنی حکمت عملی ہوتی ہے۔

چیئر مین سینیٹ مجھ سے کیوں پوچھ رہے ہیں کہ میرے پاس نمبرز ہیں یا نہیں؟ چیئر مین صاحب یہ آپ کا کام نہیں ہے۔نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور بینظیر بھٹو میں میثاق جمہوریت ہوا جس میں آئینی عدالت کی بات کی گئی، بانی پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں نے اِس پر دستخط کیے ، میں اور رضا ربانی میثاق جمہوریت کا ڈرافٹ بنانے والوں میں شامل تھے ، ہمیں میثاق جمہوریت میں چار سال لگے پھر دستخط ہوئے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم میں جو نہ کرسکے اب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، آئینی عدالت کی سوچ کوئی نئی نہیں ، کوئی چھپانے والی بات نہیں ، آئینی ترمیم دوتہائی کے بغیر نہیں ہوسکتی ، نمبر ہوں گے تو کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں الیکشن کمیشن 17 مہینے غیر فعال رہا، پارلیمانی کمیٹی میں تمام باتیں کھل کر ہوئی ہیں ، عوام کو انصاف نہیں ملتا ،11 سال پہلے دی گئی درخواستیں سماعت کیلئے نہیں لگیں، جب وزیر قانون بل لائیں گے تو سب دیکھیں گے کہ بہتری ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 35 پنکچر ثابت نہ ہونے پر آج تک معافی نہیں مانگی ، بانی پی ٹی آئی نے بعد میں اسے سیاسی بیان قرار دے دیا،نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی تجویز پر خصوصی کمیٹی بنائی گئی تھی، خصوصی کمیٹی کا قیام پارلیمان کا وقار بحال کرنے کیلئے ہے، پارلیمان کے وقار کو بحال کرنے کیلئے مل کر کو شش کرنی چاہیے۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ قانون سازی کرنا حکومت کا آئینی حق ہے، میں بھی مانتا ہوں ملک پیچھے گیا ہے لیکن ہمیں مسائل کا حل نکالنا ہے، اگر ہم مل کر کام کریں گے تو ملک ترقی کرے گا