ہم امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی ہدایات پرممبر سازی کے ذریعے بڑی تعداد میں نوجوانوں کو ممبر بنائیں گے،محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ  امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں”حق دو عوام کو۔ حق دو پاکستان کو” تحریک  کے دوسرے مرحلے میں ممبر سازی مہم جاری ہے ، الحمد اللہ ممبر سازی مہم کے ٹاپ دس شہروں میں وسطی پنجاب کے چار اضلاع لاہور ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ شامل ہے ، ہم امیر جماعت حافظ نعیم الرحمان کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنا پچاس لاکھ کا ہدف جلد پورا کریں گے اور بڑی تعداد میں لوگوں کو اس مہم کے ذریعے اپنے ساتھ ملائیں گے ۔کارکنان کے بلند حوصلے مثالی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے ممبر سازی مہم کے حوالے سے کارکنوں کی کارکردگی کو سراہاتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے تو حالات کی سنگینی کی خود ذمہ دار ہو گی ۔ جماعت اسلامی اپنے کسی مفاد یا سیاست کے لئے نہیں بلکہ عوام کو درپیش مشکلات کے حل کی خاطرسٹرکوں پر ہے ۔ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک عوام کو ریلیف نہیں مل جا تا ۔ حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت بجلی شدید مہنگی ہوچکی ہے، بڑے پیمانے پر کاروبار اور صنعتیں بند ہورہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک آئی پی پی 50 ارب روپے میں لگا، اس کو اب تک 400 ارب روپے کی ادائیگیاں ہوچکی ہیں۔آئی پی پیز کو ماہانہ 150 ارب روپے کی کیپسٹی پیمنٹ ہورہی ہے، بند پلانٹس کے ساتھ 10,15 فیصد پر چلنے والے پلانٹس کو بھی ادائیگیاں کی جارہی ہیں،

تمام آئی پی پیز کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے اور معاہدوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔آئی پی پیز میں 52فیصد حصہ حکومت کا اپنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ25 کروڑ عوام پربجلی کے بل بم بن گئے، عوام بلوں کی ادائیگی کے لیے گھر کی اشیا اور خواتین زیور فروخت کر رہے ہیں، پیٹرول، گیس کی قیمتیں بڑھا دی گئیں، آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے، قومی معیشت اور عوام پر بڑا بوجھ بن چکے ہیں۔ محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی ظالمانہ شرائط اور حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں نے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کر دیئے ہیں۔موجودہ حکمرانوںنے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔ حکمرانوں کے ان ظالمانہ اقدامات کے خلاف جماعت اسلامی سراپا احتجاج ہے