غزہ میں اقوام متحدہ کے سکول اور دوگھروں پر اسرائیلی حملے میں 38 افراد شہید


غزہ(صباح نیوز)غزہ میں اقوام متحدہ کے سکول اور دوگھروں پر اسرائیلی فضائی حملے میں یواین کے 6 اہلکاروں 19 خواتین اور بچوں سمیت 38 افراد شہید ہوگئے ہیں ۔وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں اقوام متحدہ کے الجعونی ریپریٹری بوائز اسکو ل کو جہاں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی اور دو گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔

خان یونس کے قریب ایک گھر پر حملے میں چھ بہن بھائیوں سمیت 11 افراد شہید ہوئے غزہ کی وزارت صحت اور شہری دفاع کے مطابق، شمالی غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں  ایک گھر پر حملے میں چھ خواتین اور بچوں سمیت 9 نو افراد شہید  ہو گئے۔۔اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کا کہنا ہے کہ وسطی غزہ میں اقوام متحدہ کے ماتحت ایک اسکول پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں ایجنسی کے 6 اہلکار جام شہادت نوش کرگئے۔

اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی بمباری سے 6 اہلکاروں کی شہادت غزہ میں اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک کسی بھی حملے میں شہید اہلکاروں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

الجزیرہ کے مطابق اسکول حملے میں شہداء کی تعداد 18 ہو گئی ہے ۔  اسکول میں ہزاروں بے گھر فلسطینی پناہ لئے ہوئے تھے۔ دیگر افراد گھروں پر حملوں میں مارے گئے انروا کے مطابق یہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران پانچواں حملہ ہے جب اسرائیلی افواج نے بے گھر فلسطینیوں کیلئے پناہ گاہ بنے یو این کے اسکول کو نشانہ بنایا ہے۔

ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ شہید ہونے والے بچوں میں سے ایک غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے اہل کار مومن سیلمی کی بیٹی تھی، یہ ایجنسی حملے کے بعد زخمیوں کو بچانے اور لاشیں نکالنے کا کام کرتی ہے۔

اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور انخلا کے احکامات کے باعث اپنے گھروں سے بے دخل ہونے والے ہزاروں فلسطینی غزہ کے اسکولوں میں رہ رہے ہیں۔ الجعونی اسکول، غزہ کے ان بہت سے اسکولوں میں سے ایک ہے   جو اقوام متحدہ کی فلسطینیوں کی ایجنسی کے زیر انتظام ہے۔، اور یہ جنگ کے دوران کئی بار نشانہ بن چکا ہے۔