لاہور( صباح نیوز)الخدمت وومن وِنگ ٹرسٹ کے کمیونٹی سنٹر کرامت کالونی میں30 مستحق خاندانوں میں شادی پیکج تقسیم کر دئیے گئے۔شادی پیکج میں گھریلو استعمال کی بنیادی اشیاء قرآن پاک، دولہا اور دلہن کے فینسی و عام استعمال کے سلے ہوئے کپڑے،کچن میں استعمال کی اشیائ، ڈنر سیٹ، ٹرنک واٹر کولر،جیولری،بیگ،جوتے ،اور دیگر روز مرہ ضرورت کی چیزیں شامل ہیں۔اس حوالے اس ایک سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد زیر صدارت انچارج شادی پروگرام طلعت خان ہوا۔تقریب میں مہمانان گرامی انیلہ محمود ، اسما غنی، رابعہ عامر ، یاسمین نثار ، روبینہ نسا، روبینہ آصف صاحبہ، نسرین منیراور محترمہ شاہینہ نے شرکت کی ۔
اس موقع پر شرکاء تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے انیلہ محمود نے کہا کہ شادی ایک دینی فریضہ ہے لیکن رسم و رواج نے اسے بہت مشکل بنا دیا ہے ۔والدین کی زندگی بھر کی جمع پونجی بیٹیوں کی شادیوں میں جہیز اور دیگر لوازمات پورے کرنے پر لگ جاتی ہے جبکہ بہت سی بیٹیوں کے بال صرف اس لئے سفید ہونے لگتے ہیں کہ ان والدین جہیز کا انتظام نہیں کر پاتے۔
انہوں نے کہا کہ جہیز کی ادائیگی کو ئی فرض نہیں ہے۔نبی کریم ۖ نے اپنی بیٹی حضر ت فاطمہ کو جہیز ضرور دیا لیکن آپ ۖ کی دیگر بیٹوں سے متعلق جہیز کا کہیں ذکر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت جس طرح انسانیت کی خدمت میں زندگی کے دیگر شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہا ہے وہاں جہیز کے حوالے سے بھی غریب والدین کا بوجھ بانٹنے کی بھر پور کوشش کرتا ہے۔
اسما غنی نے کہا کہ نکاح سنت ہے ۔اسلامی میں کہیں کوئی سختی نہیں ہے ،اسلام نے نکاح کو بھی بہت سادہ بنایا ہے تاکہ لڑکے یا لڑکی کے والدین پر بوجھ نہ پڑے۔کوئی ضروری نہیں ہے کہ دعوت ولیمہ کے لئے ہال بک کروائے جائیں اور بہت پر تکلف کھانے کھلائے جائیں،چند افراد کو سادگی سے کھانا کھلا دیا جائے تو بھی دعوت ولیمہ ہو جائے گی۔اس موقع پر حاضرین کو کھانا بھی دیا گیا۔