راولپنڈی(صباح نیوز)گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر،قدیم ترین د ارالعلوم تعلیم القرآن راجابازار راولپنڈی پہنچ گئے۔خطیب پارلیمان مولانا قاری احمدالرحمان بھی ہمراہ تھے ۔گورنر نے مدرسہ کی انتظامیہ سے اظہاریکجہتی اور مدارس کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے علماء کرام کوخراج تحسین پیش کیا ۔سردارسلیم حیدرپہلے گورنرپنجاب ہیں جنہون اس معروف دینی درسگاہ کا دورہ کیا۔
جامعہ کے مہتمم مولانا اشرف علی نے گورنر کا خیرمقدم کیا ۔ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر نے کہا کہ ملک و قوم کے لئے مدارس اہم خدمات انجام دے رہے ہیں ۔انھوں نے عقیدہ ختم نبوتۖ کے تحفظ کے لئے بھی اس موقع پرمدارس اور علما کرام کے اہم کردارکو اجاگر کیا اس ضمن میں دینی طبقہ کی قربانیاں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ گورنر نے کہا کہ ان سے جو ممکن ہوگا وہ مدارس کے ساتھ تعاون کریں گے،علماکرام سے قریبی رابطہ رہے گا۔
انھوں نے کہا کہ معاشرے میں ہم آہنگی اورقیام امن کے لئیمدارس کے کردار سے انکار ممکن نہیں ہے،سرکاری انتظامیہ کو اس حوالے سے مدارس کے مہتمم اور خطیب سے قریبی رابطہ رکھنا چاہیے اور مدارس کے مسائل پر بھی انتظامیہ کو توجہ دینی چاہیے ۔انھوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس ، علما کرام کے لئے حاضر ہے مجھے جس خدمت کا کہا جائے گا ہرممکن تعاون کی کوشش کی جائے گی اس ضمن میں انتظامیہ کو بھی خصوصی ہدایت جار ی کی جائے گی ۔