لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ سیاسی چپقلش اور انتقامی سیاست کو دفن کئے بغیر ملک و قوم کو آگے لے کر نہیں چلا جا سکتا ، اس کا خمیازہ قوم نے بھگت لیا ہے ۔ہمارے ہمسایہ ممالک ترقی و خوشحالی میں آگے نکل چکے ہیں، پاکستان جنوبی ایشیاء کا سب سے مہنگا ترین ملک بن چکا ہے ۔ادارے تباہ اور کرپشن نے نظام کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کی ترقی اور قوم کی خوشحالی میں سب ملک کر اپنا مثبت کر دار ادا کریں۔ کوئی بھی چیز پاکستان کی سلامتی سے بڑھ کر نہیں ہو سکتی۔باہمی اختلافات کو ختم کرنا وقت کا تقاضا ہے ۔
ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا کہ 76برسوں سے پاکستان کو جس بے دردی سے لوٹا گیا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی ۔ چوروں لیٹروں اور کرپٹ افراد سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہو گا ۔مسلم لیگ نون اورپیپلز پارٹی نے عوام کی خدمت کرنے کی بجائے تجوریاں بھریں اور ملک و قوم کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی ہے ۔ ملک و قوم کے حالات دگر گوں اور حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت معیشت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ظلم و ستم کے اس نظام نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے ساتھ مافیا ز نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ملک و قوم کو انتشار، سیاسی عدم استحکام اورانارکی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ محب وطن قیادت کا فقدان ہے مگر اس سے بھی بڑھ کرسیاسی معاملات میں غیر سیاسی قوتوں کی دخل اندازی اورماورائے آئین و قانون اقدامات نے تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ۔محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ہم نے دھرنا ختم نہیں کیا، حکومتی اقدامات کا انتظار ہے ، حکمرانوں کے پاس وقت بہت کم رہ گیا ہے ۔ عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو پہلے سے زیادہ طاقت سے اسلام آباد آئیں گے