علماء اکیڈمی اور جمیعت اتحاد العلماء لاہور کے زیر اہتمام منصورہ میں ختم نبوت سیمینار کا انعقاد

لاہو ر(صباح نیوز)علماء اکیڈمی اور جمیعت اتحاد العلماء لاہور کے زیر اہتمام منصورہ میں ختم نبوت سیمینار کا انعقاد ہوا، جس میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، مرکزی رہنما جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، مولانا عبد الغفار روپڑی، قاری محمد یعقوب شیخ، مولانا عبد اللطیف، خالد چیمہ، محمد متین خالد، حافظ کاظم رضا، ڈاکٹر حسین احمد پراچہ، محمد انور گوندل، احمد جمیل راشد، مولانا مختار احمد سواتی، لطیف الرحمن شاہ و دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی عقیدہ ختم نبوت کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، حرمت رسولۖ پر جان، مال قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فتنہ قادیانیت کے قلع قمع کے لیے جماعت اسلامی نے بھرپور جدوجہد کی ہے۔

ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے مبارک ثانی کیس کے نظرثانی فیصلہ میں متنازع پیراگراف ختم کرنے سے قادیانی سازشیں دم توڑ گئی ہیں، تاہم علما کو مستقبل میں ایسی سازشوں سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ بانی جماعت سید مودودی نے مسئلہ قادیانیت پر کتابچہ لکھ کر ہر مسلمان کے لیے اس فتنہ کو سمجھنے کے لیے آسانی پیدا کر دی ہے۔

انھوں نے کہا کہ تحریک ختم نبوت کے دوران پوری قوم متحد تھی اور آج بھی ختم نبوت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جماعت اسلامی پوری امت کا اتحاد چاہتی ہے۔ اس موقع پر نظامت کے فرائض مولانا قاری عطاء الرحمٰن نے ادا کیے، قاری وقار چترالی نے تلاوت قرآن، نعت رسول مقبول معاذ سعید نے پیش کی۔ منتظمین میں فیصل پراچہ،اسامہ فرید، محمد نعیم صدیقی، معاذ سعید، منظور نظامی۔محمد شوکت۔محمد امین، محمد انیس، محمد یوسف شامل تھے۔