در بار عالیہ عید گاہ شریف میں شیخ حضرت پیر محمد حبیب الرحمن المعروف قبلہ عالم لاثانی رحم اللہ تعالی علیہ کا سالانہ یومِ مبارک نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا

راولپنڈی(صباح نیوز)در بار عالیہ عید گاہ شریف میں 6ستمبر بروز جمعہ کو کو شیخ حضرت پیر محمد حبیب الرحمن المعروف قبلہ عالم لاثانی رحم اللہ تعالی علیہ کا سالانہ یومِ مبارک نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا جس کی صدارت سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر محمد نقیب الرحمن نے کی۔

اس موقع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے  پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ آج یوم مبارک  پیرِ لاثانی  کی تقریب کے ساتھ ساتھ یومِ دفاعِ پاکستان بھی ہے۔ انہوں نے غازیوں و شہدا کو نذرانہ عقیدت پیش کرتے اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ وطن ِعزیز پاکستان اللہ کریم اور اس کے پیارے حبیب ِپاک  ۖ کا خصوصی انعام و اکرام ہے اور اِس کی بہادر افواج عالم اسلام کی بہادر ترین اور بہترین افواج میں سے ہیں۔وطن عزیز جن نازک ترین حالات سے گزر رہا ہے اِس میں ہمیں چاہیے کہ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم  ۖ نے نفس کے خلاف جہاد کو جہاد ِ اکبر قرار دیا ہے۔ آج جس عظیم ہستی کے یوم کی تقریب میں ہم سب حاضر ہیں ان کی پوری زندگی جہادِ ِ اکبر و اتباعِ رسولِ مقبول  ۖ سے عبارت ہے جنہوں نے بے شمار مخلوقِ خدا کی زندگیوں کو غلامیِ مصطفی  ۖ کے خوبصورت رنگ سے رنگ ڈالا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتباعِ رسول مقبول  ۖ وہ عظیم دولت و نعمت ہے کہ جس کو یہ میسر آجاتی ہے حدیث قدسی میں آتا ہے کہ اللہ تعالی اپنے اِس بندے کی سماعت و بصارت اور ہاتھ پاں بن جاتا ہے اور وہ جو مانگے اسے عطا فرما دیتا ہے۔ ایسے ہی حضور نبی کریم  ۖکے ایک خاص غلام و بزرگانِ طریقت عید گاہ شریف میں حضرت پیر محمد حبیب الرحمن المعروف قبلہ عالم لاثانی رحم اللہ تعالی علیہ ہیں جن کی زندگی کا ایک ایک لمحہ غلامیِ رسولِ مقبول  ۖمیں ڈوبا ہوا ہے۔اِس غلامی کا نتیجہ یہ ہے کہ آج نا صرف برصغیر پاک و ہند بلکہ پوری دنیا میں ان کا نامِ نامی چمک دمک رہا ہے اور اِس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ حضور نبی کریم  ۖ کی غلامی کا شرف ہی ولایت کی معراج ہے۔

آج یوم ِدفاع ِپاکستان کے موقع پر ہم جہادِ اکبر کرنے والی اِس عظیم ہستی کے ساتھ ساتھ اپنے تمام شہدا و غازیوں کو بھی سلام ِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔یومِ مبارک کی تقریب میںکثیرتعداد میں علمائے کرام، مشائخِ عظام، نعت خوانان عظام، وابستگانِ عید گاہ شریف اور کثیر تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔ یومِ مبارک کی تقریب کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات، آزادی و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کرائی۔