سپریم کورٹ کل نیب ترامیم کیس میں دائر نظرثانی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنائے گی

اسلام آباد(صباح نیوز)  سپریم کورٹ آف پاکستان کل (جمعہ)کے روز نیب ترامیم کیس میں دائر نظرثانی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنائے گی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل ، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس سید حسن اظہررضوی پر مشتمل 5رکنی لارجر بینچ نے 6 جون نظرثانی درخواستوں پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کیاتھا۔نظرثانی درخواستیں وزارت قانون وانصاف، حکومت پاکستان، زوہیر احمد صدیقی، محمد زاہد عمران کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔ درخواستوں میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان اورحکومت پاکستان بوساطت سیکرٹری برائے قانون وانصاف ڈویژن کو فریق بنایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطابندیال ، مستعفیٰ جسٹس اعجاز الاحسن اور سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج سید منصورعلی شاہ پر مشتمل 3رکنی بینچ نے 1کے مقابلہ میں 2کی اکثریت سے پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے 2022میں کی گئی نیب ترامیم کو کالعدم قراردے دیا تھا۔ جبکہ جسٹس سید منصور علی شاہ نے ترامیم کے حق میں فیصلہ فیصلہ دیا تھا۔ ZS