لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے 7ستمبر کو ایکسپوسنٹرلاہورمیں “میڈکون 2024″کاانعقاد کیا جائےگا۔ پاکستان کے ہیلتھ کئیرسسٹم میں درپیش چیلنجز،حکمت عملی اورمیڈیکل کے شعبے میں پنجاب بھرکے پوزیشن ہولڈرزاور نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والاطلبہ وطالبات کوخراج تحسین پیش کرنا،میگاایونٹ کے مقاصدمیں شامل ہے۔اس کے ساتھ ساتھ پروگرام میں پبلک ہیلتھ سسٹم اور ڈیجیٹل ہیلتھ سیمتعلق سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
میڈ کون کی تیاریوں کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن ہیلتھ سروسز کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹر محمد زاہدلطیف، سی ای او سفیان احمد خان، الخدمت فاؤنڈیشن لاہور ریجن کے سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر اعجاز نذیر اورسینئرمینجرمیڈیاریلیشنزشعیب ہاشمی نے شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر زاہد لطیف نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ “میڈکون 2024″کے مختلف سیشنز میں ملک کی نمایاں شخصیات اظہارخیال کریں گی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ہیلتھ کیئر سسٹم کو درپیش چیلنجز وضروریات، اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے حوالے سے اہم نکات پر روشنی ڈالیں گے۔ ڈیجٹل ہیلتھ اور غزہ فلسطین کی صورتحال سے متعلق اہم سیشن میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، انسانی بحران،درپیش چیلنجز وضروریات پر غزہ میں الخدمت اور پیما کے موثرکرداراور آئندہ کے منصوبوں پر اظہارخیال کریں گے۔ پروفیسرڈاکٹرمحمدزاہدلطیف کا کہنا تھا،” میڈکون 2024″میں پنجاب بھرسے مختلف یونیورسٹیزکے وائس چانسلرز،میڈیکل فیکلٹی ممبرا ن سمیت ایک ہزارسے زائد طلبہ وطالبات شریک ہوں گے۔
اس موقع پر پوزیشن ہولڈرزاور نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ وطالبات کو میڈلز،انعامات اور تعریفی اسنادسے نواز جائے گا۔ جبکہ ملک کے مایہ ناز ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی جانب سے طلبا کو شعبہ صحت کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، میڈیکل ضابطہ اخلاق اور مختلف میڈیکل گائیڈلائنز کے حوالے سے لیکچرز بھی دیے جائیں گے۔ان کامزیدکہناتھا”میڈکون2024″ میں ورلڈہیلتھ آرگنایزیشن کاوفدبھی شرکت کریگا۔انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہونے جا رہا ہے جس میں میڈیکل پروفیشن کا حصہ بننے والے ڈاکٹرز امید اور حوصلہ لے کر جائیں گے۔