اسلامی جمعیت طلبہ کا طلبہ یونین بحالی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کا اعلان

 راولپنڈی(صباح نیوز) اسلامی جمعیت طلبہ نے تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین کی بحالی کے لئے لاہور ہائیکورٹ جانے کا اعلان کردیا۔راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ شمالی پنجاب تصور حسین نے کہا کہ پنجاب میں ہزاروں اسکولوں کی نجکاری کی گئی اور 2 کروڑ 62 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، تعلیمی بجٹ پر ہمیشہ کٹ لگایا گیا، تعلیمی اداروں میں میرٹ کی پامالی ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تعلیمی نظام دنیا میں 150  ویںنمبر ہے، چالیس بچوں پر ایک استاد ہے، گھوسٹ اسکولز موجود ہیں، پنجاب میں ایڈہاک پر تعلیمی نظام چلایا جا رہا ہے، بنگلہ دیش ، کشمیر ، بلوچستان میں طلبہ تحریک چلی، اب پاکستان کا طالب علم بھی جاگ چکا ہے، ہم اٹھو جہاں بدل دو مہم چلائیں گے جس سے طلبا کو بنیادی حق ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق نے طلبا احتجاج پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کیا، اسلامی جمعیت طلبہ اسٹوڈنٹ یونین کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کرے گی، جلسہ جلوس بھی کرے گی، ہم متحدہ طلبا محاذ کی کوشش کر رہے ہیں، طلبا کو گروہوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے