اسلام آباد(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ناظمہ نصرت ناہید نے کہا ہے کہ کسی قوم کی اخلاقی ترقی اس کی بقا اور ارتقا کا ذریعہ بنتی ہے،
ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ناظمہ نصرت ناہید نے عالمی یوم حجاب کے موقع پر جاری ہونے والے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا صنف نازک کے ذمے انسانی تخلیق اور تعمیر کا جو حساس کام سونپا گیا ہے ،اس کے لیے چادر اور چار دیواری کی حیثیت کسی سے مخفی نہیں ہے۔
نصرت ناہید نے کہا کہ حجاب محض چند گز کپڑے کا نام نہیں بلکہ یہ وہ اسلامی تہذیب ہے،جس کی پاسداری کرنے والوں کی اخلاقی برتری کو پوری دنیا نے تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ خاندانی عدم استحکام،بے راہ روی اور آئے روز بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات ،زینب قتل ،موٹر وے واقعہ اور نور مقدم کیس ان سب کی وجہ معاشرے میں حیا و حجاب کی کمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے قیام سے ہی اس شعور کو عوام میں عام کرتی رہی ہے اور 2004 سے لے کر اب تک حلقہ خواتین جماعت اسلامی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر عالمی یوم حجاب ،عشرہ یوم حجاب بھر پور تیاری اور تنظیم کے ساتھ مناتے ہوئے ایوان سے لے کر عوام تک قرآن کے آفاقی پیغام کو عام کر رہی ہے